ٹاپ سٹوری

  • ٹاپ سٹوری
  • Aug 11, 2018

گیارہ اگست، اقلیتوں کا قومی دن

ملک بھر میں آج اقلیتوں کا قومی دن منایا جارہاہے ۔دن منانے کا مقصد اقلیتوں کو ان کے حقوق کی فراہمی، مذہبی معاشی اور معاشرتی طور پر مکمل آزادی، یکجہتی، باہمی محبت،امن اور بھائی چارے کا فروغ ہے ۔ اقلیتوں کے قومی دن پر خصوصی سیمینارز، پروگرامز اور تقاریب کا اہتمام کیا گیاہے۔
پاکستان میں ہر سال گیارہ اگست کو اقلیتوں کے قومی دن کے طور پر منایا جاتا ہے۔ اس دن کو 11 اگست کو منانے کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ بانی پاکستان قائد اعظم نے 11اگست 1947ء کو کی جانے والی اپنی ایک مشہور تقریر میں اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے حوالے سے بات کی تھی۔پاکستان مختلف رنگ ونسل اور عقائد کے لوگوں کی ایسی منفرد سرزمین ہے جس کاپرچم اور آئین، اقلیتی برادریوں کو جسد قومی کا فعال حصہ بناتا ہے۔گیارہ اگست اسی قومی عزم اور وطن عزیز کے اسی سیاسی عقیدے کی تجدید کا دن ہے۔

اقلیتوں کے قو می دن کے موقع پر صدر ممنون حسین نے کہا ہے کہ عام انتخابات میں جنرل نشستوں پر اقلیتی امیدواروں کی کامیابی بڑی پیش رفت ہے ۔ اسلام آباد میں اقلیتوں کے قومی دن کے موقع پر تقریب سے خطاب میں انکا کہنا تھا کہ اب یہ پروپیگنڈا ختم ہونا چاہئے کہ پاکستان میں اقلیتوں کو آگے بڑھنے کے مواقع حاصل نہیں ہیں۔ اقلیتوں پر جب بھی مشکل وقت آیا پاکستانی قوم اپنے بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہو گئی۔
صدر مملکت نے کہا کہ علما اور مذہبی پیشواؤں نے ہمیشہ رواداری کے فروغ کے لیے کام کیا ۔ حکومت عوام کی طاقت کے ذریعے ہی انتہا پسندی کا خاتمہ کرنے میں کا میاب ہوئی۔ انکا کہنا تھا کہ سیاست میں بھی ہم آہنگی پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔ نفرتیں پروان چڑھتی رہیں تو قومی ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہ ہوسکے گا۔ تقریب میں نگران وزیر خارجہ اور مذہبی امور کے علاوہ اقلیتی رہنماؤں نے شرکت کی۔