ٹاپ سٹوری

  • ٹاپ سٹوری
  • Aug 28, 2018

وفاقی کابینہ اجلاس

تحریک انصاف کا کرپشن کے خاتمے کیلئے آپریشن کلین اپ شروع ہوگیا۔ کپتان کی قیادت میں وفاقی کابینہ نے منی لانڈرنگ میں سابق وزیرخزانہ اسحاق ڈار کے ہم نوالہ اور ہم پیالہ نیشنل بنک کے سربراہ سعید احمد خان فارغ کردیا۔ تحریک انصاف کے سو روزہ پلان کے تحت ایک کروڑ نوکریوں اور پچاس لاکھ گھروں کے وعدوں کی تکمیل کیلئے مختلف ٹاسک فورسز اور جنوبی پنجاب صوبے کے قیام کیلئے کمیٹی کے قیام کا فیصلہ۔ دو ستمبر سے ملک بھر میں دس ارب درخت لگانے کی مہم شروع کرنے کی منظوری۔
فاٹا انضمام کا عمل تیز کرنے کیلئے علیحدہ ٹاسک فورس تو جنوبی پنجاب صوبے کے قیام کیلئے اسی خطے سے تعلق رکھنے والے شاہ محمود قریشی اور خسرو بختیار پر مشتمل کمیٹی بنا دی۔ اجلاس میں انسداد دہشتگردی ایکٹ کے تحت فوجی عدالتوں اور نیکٹا کو فعال کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔ دو ستمبر سے ملک بھر میں دس ارب پودے لگانے کا منصوبہ شروع کرنے کی منظوری۔ نیب قانون موثر بنانے کا ٹاسک بیرسٹر فروغ نسیم کے حوالے کردیا گیا۔ کپتان ہر پندرہ دن بعد ان تمام ٹاسک فورسز کی کارکردگی کا جائزہ لیں گے۔ وزیراطلاعات چوہدری فواد حسین نے میڈیا کو بتایا کہ وزیراعظم عمران خان نے واضح کردیا کہ احتساب پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا تاہم بے گنا ہ کو ڈرنے کی ہرگز کوئی ضرورت نہیں۔
وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب صوبے کا قیام تحریک انصاف کے منشور کا حصہ ہے اور اسے عملی جامہ پہنایا جائے گا۔
مشیر ماحولیات امین اسلم نے بتایا کہ دو ستمبر کو کپتان دس ارب پودے لگانے کا پروگرام شروع کریں گے جس کے تحت ملک بھر میں مفت پودے فراہم کیئے جائیں گے۔
کپتان نے سو روزہ پلان کی منظوری دیدی ہے دیکھنا یہ ہے کہ انکی ٹیم اس پر کس حد تک عمل کرانے میں کامیاب ہوتی ہے۔ ریاض برکی پاکستان ٹیلی ویژن نیوز اسلام آباد