ٹاپ سٹوری

  • ٹاپ سٹوری
  • Sep 08, 2018

پاکستان اور چین سٹریٹجک تعاون پرمبنی شراکت داری مزید مستحکم کرنے پر متفق

پاکستان اور چین نے سٹریٹجک تعاون پرمبنی شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے پر اتفاق کیاہے ۔وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی اور چینی وزیر خارجہ وانگ ژی نے اسلام آباد میں مشترکہ پریس کانفرنس کی-

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتےہوئے کہاکہ سی پیک موجودہ حکومت کی اولین ترجیحات میں سے ایک ہے ۔چینی وزیرخارجہ وانگ ژی کے ساتھ مذاکرات میں پاکستان اور چین کے درمیان سٹریٹجک مذاکرات شروع کرنے ، مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے ، غربت کے خاتمے ، روزگار کے مواقع پیداکرنے اور دونوں ملکوں کے درمیان درآمدات اور برآمدات میں توازن پیداکرنے کے حوالے سے بات چیت ہوئی ۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبوں پر کام کرنے والے چینی شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے گا ۔

چین کے وزیرخارجہ وانگ ژی نے کہاکہ پاکستان کیساتھ سٹرٹیجک تعلقات مزید مضبوط بنانا چاہتے ہیں ۔پاکستان میں عوام کی خوشحالی اور ملک کی ترقی کیلئے بھر پور تعاون کرینگے ۔انہوں نے کہاکہ دورے کا مقصد نئی حکومت کیساتھ رابطے بڑھانا ہے ۔چین اپنی خارجہ پالیسی میں پاکستان کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔ وانگ ژی نے کہاکہ سی پیک کے تحت تمام جاری منصوبے مکمل کریں گے۔

اس سے پہلے چینی وزیرخارجہ وانگ ژی اپنے پہلے دورہ پاکستان پر دفترخارجہ پہنچے تووزیرخارجہ شاہ محمودقریشی نے ان کاا ستقبال کیا ۔دونوں وزرائے خارجہ کے درمیان ون آن ون ملاقات بھی ہوئی ۔ملاقات کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے جن میں دونوں وزرائے خارجہ نے اپنے اپنے ملک کی نمائندگی کی ۔ چینی وزیرخارجہ کے ہمراہ تین وزرا سمیت اعلی سطح وفد بھی پاکستان آیا ہے ۔