قومی

  • قومی
  • Sep 10, 2018

اسلام آباد : وزیراعظم کی صدارت میں اعلیٰ سطح اجلاس

پچاس لاکھ گھروں کی تعمیرکا منصوبہ۔۔۔ وزیرِ اعظم عمران خان خود اس پروگرام کی نگرانی کریں گے۔
گھروں کی تعمیر کے پانچ سالہ منصوبے کو عملی جامہ پہنانے کے سلسلے میں وزیر اعظم کی صدارت میں اسلام آباد میں اعلی سطح اجلاس ہوا۔اجلاس کو سیکرٹری ہاوسنگ کی جانب سے اب تک کی پیش رفت ، ملک میں گھروں کی موجودہ صورتحال اور سالانہ طلب سے متعلق آگاہ کیا گیا۔شرکاء کوپچاس لاکھ مکانوں کی تعمیر کے لیے درکار زمین کی دستیابی، وسائل کی فراہمی اورمختلف آپشنزپر بریفنگ دی گئی۔ پرائیویٹ سیکٹر اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کوسہولتوں کی فراہمی اور متعلقہ قوانین میں ترامیم کے حوالے سے بھی آگاہ کیا گیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئےوزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ حکومت بے گھر افراد کو گھروں کی فراہمی کے وعدے کی تکمیل کے لئے پرعزم ہے۔ پچاس لاکھ گھروں کی تعمیر حکومتی ایجنڈے کا اہم جزو ہے۔انہوں نے کہا کہ پچاس لاکھ مکانوں کی تعمیر سے رہائش کا مسئلہ حل ہوگا، روزگا رکےلاکھوں مواقع پیدا ہوں گے اور ہاوسنگ کے شعبےسے منسلک صنعتوں کو ترقی ملے گی۔
وزیرِ اعظم نے ہاؤسنگ کمیٹی کو دو ہفتے میں حتمی سفارشات پیش کرنے کی ہدایت کی تاکہ حکومت کی طرف سے پروگرام کا جلد اعلان کیا جا سکے۔وزیرِ اعظم نے کہا کہ سرکاری اراضی کے علاوہ پنجاب اور خیبر پختونخواکے گیسٹ ہاوسز اوردیگرسرکاری عمارتوں اور املاک کی اربوں روپے کی زمین کو بروئے کار لا کر ہاوسنگ پروگرام کے لیے خاطر خواہ مالی وسائل اکٹھے کیے جا سکتے ہیں ۔