قومی

  • قومی
  • Sep 13, 2018

بیگم کلثوم نواز کا لندن کی ریجنٹ پارک مسجد میں نماز جنازہ

سابق خاتون اول بیگم کلثوم نواز کی جاتی امراء لاہور میں تدفین کیلئے تمام انتظامات مکمل ہیں ۔ مرحومہ کا جسد خاکی پی آئی اے کی فلائٹ کے ذریعے لندن سے لاہور لایا جا رہا ہے ۔ مسلم لیگ ن کے صدر محمد شہباز شریف میت کے ہمراہ ہیں ۔
بیگم کلثوم نواز کا جسد خاکی پاکستان روانہ کرنے سے قبل لندن کی ریجنٹ پارک مسجد میں نماز جنازہ ادا کی گئی جس میں سیاسی رہنماوں اور پاکستانی کمیونٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔نماز جنازہ کے بعد میت کو ہیتھرو ائیرپورٹ منتقل کیا گیا ۔
بیگم کلثوم نواز کی نماز جنازہ شریف میڈیکل سٹی میں کل شام پانچ بجے ادا کی جائے گی جبکہ رسم قل اتوار کو بعد نماز عصر ہو گی ۔
پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے مرحومہ کی نماز جنازہ میں شرکت کیلئے وفد تشکیل دے دیا ہے ۔ سید یوسف رضا گیلانی ، راجہ پرویز اشرف ، خورشید شاہ ، نوید قمر ، قمر زمان کائرہ ، چودھری منظور اور حسن مرتضی وفد میں شامل ہوں گے ۔
رائیونڈ میں شریف خاندان سے تعزیت کرنے والوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے ۔ مسلم لیگ ن اور مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماوں اور کارکنوں نے جاتی امراء میں شریف خاندان کے افراد سے ملاقات کی اور بیگم کلثوم نواز کی وفات پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ سیاسی رہنماوں نے مرحومہ کو باہمت خاتون قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے مشکل وقت میں پارٹی کو سنبھالا اور جمہوریت کیلئے جدوجہد کو آگے بڑھایا ۔