قومی

  • قومی
  • Jan 04, 2016

وزیراعظم تین روزہ دورے پر سری لنکا روانہ

وزیراعظم نواز شریف پیر کو سری لنکا کے تین روزہ سرکاری دورہ پر روانہ ہو گئے جہاں وہ باہمی دلچسپی کے امور پر سری لنکا کی قیادت کے ساتھ ملاقاتیں کریں گے۔

بیگم کلثوم نواز، وزیر تجارت خرم دستگیر خان، وزیر دفاعی پیداوار رانا تنویر حسین، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے خارجہ امور طارق فاطمی اور قومی سلامتی کے مشیر لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر خان جنجوعہ بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔

وزیراعظم کا دورہ تجارت، دفاعی پیداوار، صحت، سائنس و ٹیکنالوجی اور ثقافت سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کے فروغ کے لحاظ سے اہمیت کا حامل ہے۔

مزید پڑھیے؛ وزیراعظم نوازشریف پیرکوسری لنکاکے دورےپرجائیں گے

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نواز شریف سری لنکن صدر میتھری پالا سری سینا کی دعوت پر دورہ کررہے ہیں۔

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دوستانہ اور خوشگوار تعلقات ہیں، دونوں ملکوں کے درمیان سفارتی تعلقات 1948ءسے قائم ہیں تب سے اب تک ان میں نمایاں استحکام اور مضبوطی آتی جا رہی ہے۔

سارک اور دولت مشترکہ کا رکن ہونے کے باعث پاکستان اور سری لنکا ایک دوسرے سے باہمی مفاد کے امور اور علاقائی و عالمی مسائل پر قریبی تعاون اور رابطہ میں ہیں۔