ٹاپ سٹوری

  • ٹاپ سٹوری
  • May 28, 2016

’یومِ تکبیرِ ‘ پاکستان کی تاریخ میں یومِ آزادی کی طرح ہے : وزیر اعظم محمد نواز شریف

وزیر اعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ یہ ہماری قومی ذمہ داری ہے کہ ہم ملک کوبیرونی خطرات سے بچانے کے لیے اپنی تیاری پوری رکھیں تاکہ کوئی پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرات نہ کر سکے۔ ’یومِ تکبیرِ ‘ کے تاریخ ساز موقع پر قوم کو مبارک باددیتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ یہ دن پاکستان کی تاریخ میں یومِ آزادی کی طرح ایک اہم سنگِ میل کے طور پر ہمیشہ یاد رکھا جا ئے گا۔اس روز پاکستان دنیا کے نقشے پر پہلی مسلم ایٹمی قوت کے طور پر نمودار ہوا۔ محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ جس طرح پاکستان کے قیام کا اعزاز مسلم لیگ کو حاصل ہے، اسی طرح اس کے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنانے کی سعادت بھی مسلم لیگ کے حصے میں آئی۔ وزیر اعظم نے کہا ہے کہ پاکستان کاایٹمی پروگرام دفاع وطن کو ناقابل تسخیر بنانے کے لیے وجود میں آ یا ہے۔یہ جنوبی ایشیا میں امن کی ضمانت ہے۔اس پروگرام سے طاقت کا توازن پیدا ہوا جوخطے کو محفوظ بنانے کے لیے ضروری تھا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ایٹمی پروگرام کی برکت سے جنوبی ایشا کے ممالک جس عدم تحفظ میں مبتلا تھے، اب اس سے نکل آئے ہیں۔ وزیر اعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان امن پر یقین رکھتا ہے۔پاکستان کا ایٹمی پروگرام جہاں پاکستان کے مضبوط دفاع کی علامت ہے ،وہاں قوم کی غیر معمولی جرات، استقامت اور بہادری کا بھی اعلان ہے۔وزیر اعظم نے کہا ہے کہ ایٹمی پروگرام سے پاکستانی قوم کی اس صلاحیت کا اظہار ہوتا ہے کہ وہ مشکل حالات کا سامنا کر نے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔آپریشن ضرب عضب بھی دراصل اسی عزم کا تسلسل ہے جس عزم کی بدولت ہم نے مادر وطن کا دفاع ناقابل تسخیر بنایا۔ وزیر اعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ ہماری عسکری قوت میں اضافہ جہاں خارجی خطرات کے مقابلے میں ایک ڈھال ہے وہاں داخلی سطح پر جو لوگ پاکستان کو غیر مستحکم کرنا چاہتے ہیں ان کا بھی موثر توڑ ہے- جس کا مظاہرہ ہم نے آپریشن ضرب عضب میں دیکھا جب سیاسی قیادت کی یکسوئی، غیر متزلزل قومی عزم، پاک فوج اور دیگر سیکیورٹی اداروں کی مہارت اور بے مثال قربانیوں کی بدولت دہشت گردوں کی کمر توڑ دی گئ.محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ کہ ملک کا امن بحال ہو رہا ہے۔پاکستان کو اب اپنی اقتصادی صلاحیت کو بہتر بنانا ہے۔وزیراعظم نے توقع ظاہر کی کی کہ قوم اقتصادی میدان میں بھی اس صلاحیت کا مظاہرہ کرے گی جس کا مظاہرہ اس نے دفاعی میدان میں کیا ہے۔ وزیر اعظم نے کہا ہے کہ حکومت پوری نیک نیتی کے ساتھ پاکستان کو معاشی طاقت بنانے کے لیے کوشاں ہے۔ ” پاکستان چین اقتصادی راہداری “ کے تحت مختلف منصوبے شروع ہوچکے ہیں۔ یہ منصوبے پورے پاکستان کی تقدیر بدل دیں گے۔ انشاءاللہ عوام کا معیارِ زندگی مزید بہتر ہوگا اور ہم پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر بنانے کے بعد اپنے ملک کو اقتصادی لحاظ سے بھی مضبوط بنانے میں کامیاب ہوں گے۔