قومی

  • قومی
  • Jan 04, 2016

کرک،باراتیوں کی بس میں گیس سلنڈرکادھماکا،14افراد جاں بحق

کرک : انڈس ہائی وے پر باراتیوں سے بھری بس میں گیس سلنڈر پھٹنے سے چودہ افراد جاں بحق، جب کہ متعدد زخمی ہوگئے، جاں بحق ہونے والوں میں بڑی تعداد خواتین اور بچوں کی ہے، جن کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے۔


پولیس کے مطابق اندوہناک حادثہ انڈس ہائی وے پر پیش آیا، تھانہ بانڈہ کے مطابق دلہا مبشر نواز ولد لعل نواز ساکن صادیق آباد ٹیری کی شادی شاجہان ساکن سرے خواہ کی بیٹی سے ہوئی تھی۔ گزشتہ روز مبشر نواز کی بارات سرے خوا ہ آئی تھی اور دلہن لےکر واپس ٹیری جا رہے تھے کہ انڈ س ہائی وے نوشپہ بانڈہ کے قریب مخالف سمیت سے آنے والی گاڑی سے بارات میں شامل مسافر کوچ ٹکرانے کے بعد حادثے کا شکار ہوئی اور کھائی میں جا گری اور دیکھتے ہی دیکھتے کوچ میں اچانک آگ بھڑ ک اُٹھی۔

زخمی مسافروں کے مطابق آگ نے بس کو لپیٹ میں لے لیاتھا، مسافروں نے کھڑکیوں کے شیشے توڑ کر جان بچائی۔ حادثے میں چودہ افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے، جب کہ متعدد افراد جھلس کر زخمی ہوئے۔

پولیس اور اسپتال ذرائع کے مطابق جاں بحق افراد میں سات خواتین اور پانچ بچے بھی شامل ہیں۔ لاشوں اور زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ اسپتال ذرائع کے مطابق ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔ اچانک بڑے حادثے نے ضلع کرک کے فضاء کو سوگوار کر دیا اور شادی کی خوشی ماتم میں تبدیل ہوگئی۔