ٹاپ سٹوری

  • ٹاپ سٹوری
  • Jun 01, 2016

وزیراعظم لندن میں دل کے آپریشن کے بعد انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں تیزی سے روبہ صحت۔

وزیراعظم محمد نوازشریف کو دل کے کامیاب آپریشن کے بعد انتہائی نگہداشت کے یونٹ میں منتقل کردیا گیا ہے ۔ان کی حالت تسلی بخش ہے اور وہ تیزی سے روبصحت ہیں۔
وزیراعظم کی صاحبزادی مریم نواز سماجی رابطے کی ویب سائیٹ کے ذریعے قوم کو وزیراعظم محمد نوازشریف کے آپریشن سے متعلق آگاہ کرتی رہیں۔انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم کا آپریشن لندن کے مقامی وقت کے مطابق صبح آٹھ بجے شروع ہوا۔ آپریشن سے پہلے میری ان سے بات ہوئی وہ بہت پراعتماد تھے اورمیں نے انہیں اللہ پاک کی حفظ وامان میں دیا
وزیراعظم کی صاحبزادی نے بتایا کہ اللہ کےفضل وکرم سے وزیراعظم محمد نوازشریف کی تمام شریانوں کی پیوند کاری کامیابی سے مکمل کرلی گئی ہے ۔ مریم نوازنے وزیراعظم کے کامیاب آپریشن کی خبر دیتے ہوئے ٹویٹ کیا کہ ۔ الحمداللہ رب العالمین ۔
انہوں نے اللہ رب العزت کی رحمت اور قوم کی دعاؤں کاشکریہ ادا کیا
وزیراعظم کو آپریشن تھیٹرسے منتقل کرنے کی خبربھی مریم نوازنے ہی قوم کو دی۔اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی حالت تسلی بخش ہے اورانہیں انتہائی نگہداشت کے یونٹ میں منتقل کردیا گیا ہے۔

اپنے ایک ٹویٹ میں مریم نوازنے اپنے والدمحترم سے محبت کا اظہاریوں کیا ۔۔میرے والد،میری زندگی کی محبت ۔۔اللہ تعالیٰ آپ کو لمبی عمراورصحت کاملہ عطا فرمائے ۔

وزیراعظم کے صاحبزادے حسین نوازنےہسپتال کے باہرمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کامیاب آپریشن پراللہ تعالیٰ کا شکرادا کیا اورکہا کہ یہ قوم کی دعاؤں کا نتیجہ ہے

وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ وزیر اعظم کی علالت پر قوم نے یکجہتی کا مظاہرہ کیا۔انہوں نے صحت یابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہارکرنیوالوں کا شکریہ ادا کیا۔