ٹاپ سٹوری

  • ٹاپ سٹوری
  • Mar 09, 2016

وزیراعظم آج سےسعودی عرب کا3روزہ سرکاری دورہ کررہے ہیں.

وزیراعظم محمد نوازشریف سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز السعود کی دعوت پر آج سے سعودی عرب کا تین روزہ سرکاری دورہ کر رہے ہیں۔دفتر خارجہ کی جانب سے جاری کئے گئے بیان کے مطابق وزیراعظم بری فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف کے ہمراہ اپنے دورے میں جاری فوجی مشق نارتھ تھنڈر بھی دیکھیں گے اور اس کی اختتامی تقریب میں شرکت کریں گے۔

پاکستان سمیت اکیس ملکوں کے فوجی سعودی عرب کے مشرقی علاقے میں اس مشق میں حصہ لے رہے ہیں ۔ اس مشق کا بنیادی مقصد دہشتگرد گروپوں کی جانب سے درپیش خطرے کے جواب میں تربیت کے عمل کو بہتر بنانا ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ حکومت پاکستان نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ وہ سعودی عرب کی علاقائی سالمیت اور خودمختاری کو درپیش کسی بھی خطرے سے نمٹنے کیلئے ہمیشہ سعودی عرب کا بھرپور ساتھ دے گی۔

پاکستان نے عسکریت پسندی، انتہا پسندی اور دہشتگردی کی روک تھام کیلئے ہمیشہ تمام علاقائی اور عالمی کوششوں کی حمایت کی۔