بین الاقوامی

  • بین الاقوامی
  • Mar 09, 2016

یورپی یونین اور ترکی پناہ گزینوں کے بحران سے نمٹنے کے منصوبے پر متفق

یورپی یونین اور ترکی نے برسلز میں پناہ گزینوں کے بحران سے نمٹنے کے منصوبے پر اصولی طورپر اتفاق کیا ہے۔

اس منصوبے کے تحت ترکی سے یونان آنے والے تمام پناہ گزینوں کو واپس بھجوا دیاجائے گا۔ واپس بھیجے جانے والے ہرشامی باشندے کے بدلے ترکی میں پہلے سے موجود ایک شامی باشندے کو یورپی یونین میں آباد کیاجائے گا۔ ترکی کویورپی یونین کی جانب سے اضافی فنڈز بھی فراہم کئے جائینگے۔


تاہم ابھی معاہدے کوحتمی شکل نہیں دی گئی اوراس ماہ کوسترہ اور اٹھارہ تاریخ کو یورپی یونین کے اجلاس سے قبل مذاکرات کئے جائیںگے۔ یورپ کو پہلی اوردوسری عالمی جنگ کے بعد پناہ گزینوں کے بدترین بحران کا سامنا ہے۔

ادھر اقوام متحدہ نے پناہ گزینوں کے بحران پر قابو پانے کیلئے یورپی یونین اور ترکی کے منصوبے پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ بین الاقوامی قانون سے متصادم ہوسکتا ہے۔

اقوام متحدہ کے مہاجرین کے ادارے نے کہا ہے کہ غیرملکیوں کی اجتماعی بے دخلی یورپی قانون کے مطابق نہیں ہے۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل نے منصوبے کو پناہ حاصل کرنے کے حق کیلئے ایک بڑا دھچکا قراردیا ہے۔