کرکٹ

  • کرکٹ
  • Mar 09, 2016

پاکستان کی ہندوستان روانگی 'موخر'

پاکستان کی کرکٹ ٹیم کی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں شرکت کے لیے ہندوستان روانگی سیکورٹی کے معاملات واضح نہ ہونے پر تاخیر کا شکار ہوگئی ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ڈائریکٹر میڈیا امجد حسین کے مطابق پی سی بی نے مینز اور ویمنز کرکٹ ٹیم کی شیڈول کے مطابق ہندوستان روانگی سے سے روک دیا ہے جبکہ ٹیم کی روانگی کا فیصلہ وزارت داخلہ کی اجازت کے بعد ہوگا۔

واضح رہے شیڈول کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم کو بدھ کو ہندوستان روانہ ہونا تھا جس میں اب تاخیر ہوگی۔

پی سی بی ڈائریکٹر میڈیا کے مطابق ہندوستان میں سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے والے پاکستانی وفد نے دھرم شالہ میں پاکستان ٹیم کی سیکورٹی کے حوالے سے منفی رپورٹ وزرات داخلہ کو بھجوائی ہے۔

سیکورٹی وفد کی رپورٹ کے مطابق موجودہ صورت حال میں پاکستان ٹیم کا میچ کھیلنے کے لیے دھرم شالہ جانا خطرناک بھی ہوسکتا ہے، دھرم شالہ پولیس اور انتظامیہ نے سیکورٹی کی یقین دہانی تو کرائی ہے لیکن کسی گڑ بڑ کی صورت میں انتظامیہ کے پاس فوری سدباب کے لیے زیادہ سہولیات نہیں۔

چیئرمین پی سی بی نے گزشتہ روز اپنے بیان میں کہا تھا کہ پاکستان ٹیم کو ہندوستان بھیجنے کا فیصلہ سیکیورٹی وفد کی رپورٹ کے مطابق کریں گے۔