قومی

  • قومی
  • Apr 01, 2016

را" کے ایجنٹ کی گرفتاری پر امریکہ ، برطانیہ ، روس ،چین ،فرانس اور یورپی یونین کو تشویش سے آگاہ کر دیا ۔۔۔گرفتاری اس بات کا ثبوت ہے کہ بھارت، پاکستان میں دہشت گردکارروائیوں میں ملوث ہے ۔۔۔ترجمان دفتر خارجہ

دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ بھارت کی خفیہ ایجنسی "را" کے افسر کل بھوشن یادیو کی گرفتاری کے بعد پاکستان نے امریکہ ، برطانیہ ، روس ،چین ،فرانس اور یورپی یونین کے ممالک کو اپنی تشویش سے آگاہ کیا ہے ۔اسلام آباد میں نیوز بریفنگ میں ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا نے کہا کہ بھارتی ایجنٹ کے رضاکارانہ اعترافی بیان کو پوری دنیا نے دیکھا ۔

انہوں نے کہاکہ بھارتی ایجنٹ کی گرفتاری سے پاکستان کا موقف صحیح ثابت ہو ا ہے کہ بھارت ، پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پہلے بھی عالمی برادری کی توجہ اس طرف دلاتا رہا ہے کہ بھارت کے ریاستی ادارے پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیاں کرا رہے ہیں اور اس کے ثبوت پہلے ہی اقوام متحدہ کو دیئے جا چکے ہیں ۔ترجمان نے کہاکہ بھارت کیساتھ مسائل کے حل کیلئے مذاکرات بہترین راستہ ہیں ۔نفیس زکریانے لاہورمیں دہشتگردی کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاکہ دہشت گرد قوم کو تقسیم کرنا چاہتے تھے ۔قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں حکومت کے ساتھ کھڑی ہے ۔ترجمان نے کہاکہ واقعے کے ذمہ داروں کو قانون کےکٹہرے میں لایاجائےگا۔