قومی

  • قومی
  • Apr 02, 2016

عارضی بے گھر افراد کی مکمل بحالی حکومت کی ترجیح ہے: اسحق ڈار

وزیر خزانہ اسحق ڈار نے کہا ہے کہ عارضی طور پر بے گھر افراد کی اپنے آبائی قبائلی علاقوں میں مکمل بحالی حکومت کی ترجیح ہے۔ایک انٹرویومیں انہوں نے کہا کہ عارضی طور پر بے گھر افراد کیلئے دوسو تیس ارب روپے کے فنڈز مختص کئے گئے ہیں جو مختلف صورتوں میں استعمال کے لئے جاری کئے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عارضی طور پر بے گھر افراد کی بحالی اور بنیادی ڈھانچے کی تعمیر نو کیلئے اسی ارب روپے مختص کئے گئے ہیں ۔ اسی طرح قبائلی علاقوں میں سیکورٹی بڑھانے پر تقریباً ایک سو دس ارب روپے خرچ کئے جائیں گے۔

اسحق ڈار نے کہا کہ حکومت کی طرف سے کئے گئے مربوط اقدامات کے نتیجے میں مرکزی بنک کے پاس غیرملکی زرمبادلہ کے ذخائر پندرہ ارب ساٹھ کروڑ ڈالر تک پہنچ گئے ہیں۔ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ رضاکارانہ ٹیکس ادائیگی سکیم کے تحت ماہ اپریل کے دوران بنکوں سے رقم نکلوانے پر صفر اعشاریہ چار فیصد کی شرح سے ودہولڈنگ ٹیکس لاگو رہے گا۔