وزیراعظم عمران خان نے لوگوں پر زور دیا ہے کہ وہ پاکستان کو صاف اور سرسبز بنانے میں اپنا کردار ادا کریں
وزیراعظم عمران خان نے لوگوں پر زور دیا ہے کہ وہ پاکستان کو صاف اور سرسبز بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔
انہوں نے یہ بات اتوار کے روز اسلام آباد میں یوم ئیگر فورس کے موقع پر ملک میں شجرکاری کی سب سے بڑی مہم کا افتتاح کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
وزیراعظم نے ملک بھر میں ریکارڈ 35لاکھ پودے لگانے پر ٹائیگر فورس، سول سوسائٹی اور پارلیمنٹ کے ارکان کو مبارکباد دی۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے بری طرح متاثرہ ممالک میں شامل ہے انہوں نے موسمیاتی تغیر کے مسئلے کے حل کیلئے مسلسل کام کرنے پر زور دیا۔
وزیراعظم نے جنگلات کے تحفظ پر زور دیا اور کہا کہ موجودہ حکومت شہروں میں بھی شجرکاری کیلئے کام کررہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ لاہور کے قریب جدید سہولتوں سے آراستہ ایک نیا ماحول دوست شہر قائم کیا جائیگا۔
عمران خان نے کوروناوائرس کے پھیلائو کی روک تھام کیلئے پاکستان کی کامیاب حکمت عملی پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ یہ خدا کی رحمت ہے ہمارا ملک کورونا سے موثر انداز میں نمٹنے والے ممالک میں شامل ۔
وزیراعظم نے عوام پر زور دیا کہ وہ حفاظتی تدابیر پر عمل کریں کیونکہ وباء ابھی ختم نہیں ہوئی۔
انہوںنے ایل تشیع سے بھی کہا کہ وہ کوروناوائرس کے پھیلائو کو روکنے کیلئے محرم الحرام کے دوران ایس او پیز پر عمل کریں۔
اس سے پہلے موسمیاتی تبدیلی کے بارے میں وزیراعظم کے مشیر ملک امین اسلم نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو موسمیاتی تبدیلی کے خلاف اسی طرح جنگ کرنے کی ضرورت ہے جس طرح کوروناوائرس کے خلاف کی گئی۔
انہوں نے اس مسئلے کی نزاکت اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ عالمی بنک کی طرف سے شائع کردہ رپورٹ کے مطابق اگر پاکستان نے موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے اقدامات نہ کئے تو 2050 تک ملک کے چھ اضلاع قابل سکونت نہ رہنے کے خطرے سے دوچار ہوجائینگے۔
انہوں نے کہا کہ ان اضلاع میں حیدرآباد، سکھر، میرپورخاص، لاہور، فیصل آباد اور ملتان شامل ہیں۔