وزیر اعظم عمران خان سے اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے نو منتخب صدر کی ملاقات
وزیر اعظم عمران خان سے اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے نو منتخب صدر وولکن بوزکرنے اسلام آباد میں ملاقات کی۔وزیر اعظم نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 75 ویں اجلاس کے صدر منتخب ہونے پر وولکن بوزکر کو مبارکباد پیش کی۔ملاقات کے دوران وزیر اعظم نے انہیں بھارتی غیر قانونی مقبوضہ جموں وکشمیر کی سنگین صورتحال سے آگاہ کیا ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ مسئلہ کشمیر سات دہائیوں سے زائد عرصے سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایجنڈے میں شامل ہے۔
وزیر اعظم نے 5 اگست 2019 سے بھارتی غیر قانونی مقبوضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے ساتھ ساتھ کشمیری عوام کے خلاف جاری بھارتی مظالم اور آبادیاتی ڈھانچے کو تبدیل کرنے کی کوششوں کے حالے سے انہیں آگاہ کیا۔وزیر اعظم نے اس بات پر زور دیا کہ اقوام متحدہ اس سنگین صورتحال سے نمٹنے اور سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لئےکردار ادا کرے۔
وزیر اعظم نے وولکن بوزکر کو کورونا کے حوالے سے حکومتی اقدامات اور وبا کے سماجی و معاشی اثرات کو کم کرنے کے حوالے سے پیش رفت سے بھی آگاہ کیا ۔وزیر اعظم نے ترقی پذیر ممالک کو کورونا وائرس کے مضر معاشرتی و معاشی اثرات پر قابو پانے کے لئے زیادہ سے زیادہ مالی معاونت فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔