وزیر اعظم عمران خان اور مالدیپ کے صدرمیں ٹیلی فونک رابطہ
وزیر اعظم عمران خان اور مالدیپ کے صدر ابراہیم محمد صالح نے ٹیلیفون پر کووڈ ۔19 کے باعث خطے کو درپیش چیلنجوں پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیر اعظم نے مالدیپ کی طرف سے وباء کے پھیلاؤ پر قابو پانے اور سیاحت کے شعبے سمیت معیشت کی بحالی کیلئے کوششوں کو سراہا۔وزیر اعظم عمران خان نے مالدیپ کے صدر کو پاکستان میں کورونا کی تازہ ترین صورتحال اور حکومت کی طرف سے وباء پر قابو پانے کے اقدامات سے آگاہ کیا جن میں انسانی زندگیاں بچانے کے ساتھ معاش کے حصول اور معیشت کو متحرک رکھنے پر توجہ دی جارہی ہے۔ انھوں نے بتایا کہ سمارٹ لاک ڈاؤن کی حکمت عملی کامیاب رہی اور معیشت کے بڑے شعبوں کو آہستہ آہستہ کھولا جارہا ہے ۔
وزیر اعظم عمران خان نے مالدیپ کے صدر کو ترقی پذیر ملکوں پراس وباءکے سماجی و معاشی اثرات کم کرنے کیلئے اپنے "قرضوں کی واپسی میں نرمی سے متعلق عالمی اقدام" سے بھی آگاہ کیا۔ انھوں نے کہا کہ ترقی پذیر ملک محدود مالی وسائل اور صحت کے شعبے کی کمزوریوں کے باعث وباء سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں اس لئے انکے لئے خصوصی اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔
وزیر اعظم نے مالدیپ کے صدر کو جنوبی ایشیاء میں قیام امن اور سلامتی کی صورتحال کے بارے میں پاکستان کے نقطہ نظر سے آگاہ کیا اور اس بات پر زور دیا کہ خطے کو امن اور تعاون کی ضرورت ہے تاکہ جنوبی ایشیائی ملک اپنی حقیقی معاشی صلاحیت سے استفادہ کرسکیں ۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان دونوں ملکوں اور پورے خطے میں باہمی تعاون کو فروغ دینے کے لئے مالدیپ کے ساتھ مل کر کام کرنے کا خواہاں ہے۔وزیر اعظم نے صدر ابراہیم محمدصالح کو دورہ پاکستان کی دعوت دی۔