قومی

  • Sep 10, 2020

آرمی چیف کی زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی صدارت میں کور کمانڈرز کانفرنس جنرل ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی میں ہوئی ۔اجلاس میں عسکری قیادت نے علاقائی ابھرتی ہوئی صورتحال اور آپریشنل پیشرفت کا جائزہ لیا۔ فورم کو لائن آف کنٹرول سمیت افغان امن عمل میں پاکستان کے مثبت کردار، پاک افغان اور پاک ایران سرحدوں کی صورتحال خصوصاً باڑ کی تنصیب اور آپریشن ردالفساد سے متعلق بریفنگ دی گئی۔آئی ایس پی آر کے مطابق اجلاس کو کورونا وباء کے سدباب ، ٹڈی دل پر قابو پانے اورقومی پولیو مہم میں پاک فوج کی جانب سے تعاون کی فراہمی سے متعلق بھی آگاہ کیا گیا ۔ عسکری قیادت نے تمام شعبوں میں مثبت پیشرفت اور ملک بھر میں سکیورٹی کی بہتر صورتحال پر اطمینان کا اظہار کیا۔ فورم نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں اورلائن آف کنٹرول پر آباد آزادکشمیر کے شہریوں کو بھارتی فوج کی جانب سے دانستہ گولہ باری کا نشانہ بنایا جانا علاقائی امن و استحکام کے لیے باعث تشویش ہیں۔ اجلاس میں عسکری قیادت نے مقبوضہ کشمیر اور افغانستان میں بدلتی صورتحال اور اس کے پاکستان کی سکیورٹی پر اثرات سے متعلق خصوصی غور کیا ۔
فورم میں اظہار خیال کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ بدلتی ہوئی علاقائی اور سٹریٹجک صورتحال حر بی تیاریوں میں اضافے کی متقاضی ہے۔ہائبرڈ وار فیئر کے بارے میں بات چیت کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان مخالف عناصر کی جان سے ففتھ جنریشن وار اور ہائبرڈ ہتھکنڈوں کو ناکام بنانا ہو گا۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نےمحرم اورسیلاب کے دوران سول انتظامیہ کی مدد کے لیے فارمیشنز کی آپریشنل تیاریوں اور مربوط کوششوں کو سراہا ۔انہوں نے فوج کے بلند عزم و حوصلے کو سراہتے ہوئے تمام کمانڈروں کو ہدایت کی کہ خصوصی اور لمبے آپریشنل اور اندرونی سیکیورٹی سے متعلق مشنوں کے دوران زیر کمان فوجی دستوں کی بہبود پر خصوصی توجہ مرکوز رکھیں ۔