قومی

  • Sep 11, 2020

ترجمان دفترخارجہ کی میڈیا بریفنگ

ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ نے کہا ہے کہ بھارت کے توسیع پسندانہ عزائم سے خطے کے امن کو خطرات لاحق ہیں۔کشمیریوں کو حق خود ارادیت دینا عالمی برادری کی ذمہ داری ہے۔اسلام آباد میں ہفتہ وار نیوز بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر پر غیرقانونی طور پر قابض بھارتی فوج کی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں جاری ہیں۔مقبوضہ وادی میں نہتے کشمیریوں کو مختلف بندشوں اور پابندیوں کا سامنا ہے۔بھارتی قابض فوج نہتے نوجوانوں کو جعلی مقابلوں میں نشانہ بنارہی ہے۔انہوں نے کہاکہ انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں نے بھی بھارتی مظالم کیخلاف آواز بلند کی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہاکہ بھارت کی جانب سے ایل او سی پر شہری آبادی کو نشانہ بنانا قابل مذمت ہے۔بھارت ایسے اقدامات سے عالمی برادری کی مقبوضہ وادی کے حالات سے توجہ نہیں ہٹا سکتا۔انہوں نے کہاکہ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے سلامتی کونسل کی قراردادیں موجود ہیں جن پر عملدرآمد کے لئے عالمی برادری کی توجہ ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ اگست 2019کے بعد سلامتی کونسل کا کشمیر سے متعلق 3بار اجلاس ہوچکا ہےاور عالمی برادری کی توجہ مبذول کرانے کے لئےکشمیریوں پر ڈھائے جانے والے بھارتی مظالم کے خلاف آواز بلند کی گئی ہے۔