قومی

  • Sep 11, 2020

وزیراعظم کا ہاوسنگ تعمیرات اور ترقی سے متعلق قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس سے خطاب

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت تعمیراتی شعبے کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے اور سرمایہ کاروں کو مراعات دینے کے لیے پرعزم ہے ۔ اسلام آباد میں ہاوسنگ تعمیرات اور ترقی سے متعلق قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے سرمایہ کاروں اور تعمیرات سے وابستہ افراد کو یقین دلایا کہ حکومت ریور راوی فرنٹ اربن ڈویلپمنٹ پراجیکٹ ، بنڈل آئی لینڈ سمیت تعمیراتی منصوبوں کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو ترجیح بنیادوں پر دور کرے گی ۔
وزیراعظم نے بلڈرز اور کنسٹرکٹرز کی طرف سے دونوں منصوبوں میں گہری دلچسپی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان دو میگا پراجیکٹ سے جہاں اربوں کی سرمایہ کاری ہو گی وہیں معیشت کے متعدد شعبوں کو فروغ ملے گا ۔انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی سرمایہ کاروں کے ساتھ مقامی سرمایہ کاروں کی بھی حوصلہ افزائی کی جائے گی ۔ تاکہ وہ ان مواقعون سے بھرپور فائدہ اٹھا سکیں ۔ انہوں نے کہا کہ راوی فرنٹ اربن ڈویلپمنٹ منصوبے میں نوے فیصد پاکستانی مصنوعات استعمال کی جائیں گی ۔ جس سے مقامی انڈسٹری کو فروغ ملے گا ۔
اجلاس میں تعمیرات کے شعبے سے وابستہ معروف کاروباری شخصیات بھی شریک ہوئیں ۔ تعمیرات سے وابستہ ملک کے بڑے سرمایہ کاروں نے ریور راوی فرنٹ اربن ڈویلپمنٹ پراجیکٹ اور بنڈل آئی لینڈ منصوبوں میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ شرکا کو منصوبوں کے خدوخال اور سرمایہ کاری کے مواقع سے تفصیلی آگاہ کیا گیا۔
کاروباری شخصیات نے بینکوں کے حوالے سے سہولیات کی فراہمی پر گورنر سٹیٹ بینک کے متحرک کردار کو سراہا۔ چیف سیکرٹری پنجاب نے لاہور میں اربن ری جنریشن کے حوالے سے مختلف منصوبوں اور تعمیرات میں استعمال ہونے والے میٹریل کی فروغ میں اضافے کے رجحان سے متعلق بھی وزیراعظم کو آگاہ کیا۔انہوں نے بڑے شہروں کی ماسٹر پلانز کو ازسرنو مرتب کرنے سے متعلق ٹائم لائنز وزیراعظم کو پیش کیں ۔