کوئٹہ :وزیراعظم سےصوبائی کابینہ کے ارکان کی ملاقات
وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ بلوچستان کی ترقی اور صوبے کے عوام کی خوشحالی حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔ کوئٹہ میں صوبائی کابینہ کے ارکان سے ملاقات کے دوران وزیراعظم نے کہا کہ بلوچستان کےلیے زیادہ ترقیاتی فنڈز مختص کیے گئے ہیں جو حکومت کی جانب سے بلوچستان کے ساتھ سنجیدگی اور خلوص نیت کا عکاس ہے ۔
وزیراعظم نے کہا کہ بلوچستان میں ترقی کی بے پناہ صلاحیت موجود ہے ۔ تاہم اس کے لیے ترجیحات مرتب کرنا ضروری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کچھی کینال سے زرعی ترقی کے بے پناہ امکانات روشن ہوئے ہیں ۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے ۔ وزیرمنصوبہ بندی اسد عمر جلد بلوچستان کا دورہ کریں گے اور جنوبی بلوچستان کی ترقی کے لیے سپیشل پیکیج مرتب کرنے کے لیے مشاورت کریں گے ۔
وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے شرکا کو آگاہ کیا کہ ان کی وزارت نے بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے ایک کوآرڈی نیشن کمیٹی مرتب کی ہے جس میں تمام سٹیک ہولڈرز کی نمائندگی ہے ۔ وزیراعلی بلوچستان اور صوبائی کابینہ کے ارکان نے بلوچستان کی ترقی میں خصوصی دلچسپی لینے پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔