قومی

  • قومی
  • Sep 16, 2020

وزیر خارجہ سے یورپی یونین کی سفیر کی ملاقات

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے پاکستان میں یورپی یونین کی سفیر اینڈرولا کامینارا نے وزارت خارجہ میں ملاقات کی ۔
ملاقات میں دو طرفہ تعلقات، کرونا عالمی وبائی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور یورپی یونین کے مابین مختلف شعبوں میں تعاون اور باہمی روابط کا فروغ خوش آئند ہے ۔انہوں نے کرونا وبائی چیلنج سے نمٹنے کے لئے یورپی یونین کی طرف سے پاکستان کی بروقت معاونت پر شکریہ ادا کیا۔ وزیر خارجہ نے کرونا وبا کے معاشی مضمرات سے نمٹنے اور ترقی پذیر ممالک کو قرضوں کی ادائیگی پر سہولت فراہم کرنے کے حوالے سے وزیر اعظم عمران خان کی تجویز کی حمایت پر بھی یورپی یونین کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے محدود وسائل کے باوجود، کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے موثر اقدامات کئے۔پاکستان نے نہ صرف اس عالمی وبا پر قابو پایا بلکہ معیشت کو پہیے کو بھی ازسر نو متحرک کیا۔انہوں نے کہا کہ کرونا وبا پر قابو پانے کے لئے پاکستان کی سمارٹ لاک ڈاؤن پالیسی کو دنیا بھر میں سراہا جا رہا ہے ۔ وزیر خارجہ نے توقع ظاہر کی کہ یورپی یونین،دیگر ممالک کے شہریوں کی طرح پاکستانی شہریوں کو بھی یورپی ممالک میں داخلے کیلئے اہل قرار دے گا۔
وزیر خارجہ نے یورپی یونین کی سفیر کی توجہ، مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی طرف دلاتے ہوئے کہا کہ یورپی یونین انسانی حقوق کی داعی ہونے کے ناطے بھارت پر زور دے کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں مظالم کا سلسلہ فوری طور پر بند کرے اور بھارتی جیلوں میں مقید بے گناہ کشمیریوں کو فی الفور رہا کرے۔دوران ملاقات، وزیر خارجہ نے افغان امن عمل، میں پاکستان کی مصالحانہ کوششوں، بین الافغان مذاکرات اور اس سلسلے میں اب تک ہونیوالی پیش رفت کا بھی آگاہ کیا ۔ اس موقع پر فریقین نے مختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ کے حوالے سے مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا ۔