قومی

  • قومی
  • Sep 16, 2020

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سے چین کے سفیر یاو جنگ کی ملاقات

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز سے چین کے سفیر یاو جنگ نے الوداعی ملاقات کی۔ملاقات کے دوران دونوں اطراف نے میڈیا اور ثقافت کے شعبوں میں تعاون کو مزید تقویت دینے پر اتفاق کیا۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ ثقافتی سفارتکاری، عوام ،عوامی روابط کے فروغ،اور ایک دوسرے کی اقدار اور روایات کو سمجھنے میں انتہائی اہم ہے۔
انہوں نے کہا کہ ثقافتی سرگرمیوں کو خیبر پختونخواہ، بلوچستان اور گلگت بلتستان میں پذیرائی ملے گی۔شبلی فراز نے کہا کہ سی پیک میں زراعت کی شمولیت سے اس شعبے میں چینی تجربات سے استفادہ کرنے میں مدد ملے گی ۔وزیر اطلاعات نے دونوں ممالک کے مابین تعلقات کے فروغ میں یاؤ جنگ کی خدمات کو سراہا۔
چینی سفیر نے کہا کہ پاکستان کو تیزی سےابھرتا ہوا مستحکم اور خوشحال ملک دیکھ رہا ہوں۔پاکستان کی معیشت ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور سرمایہ کاری کے ماحول میں بہتری آئی ہے۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات قیادت کے وژن کے مطابق آگے بڑھ رہے ہیں۔ چینی سفیر نے وزیراعظم عمران خان کی عوام کی فلاح و بہبود کو ترجیح دینے کی سوچ کو سراہا۔

وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز سے متحدہ عرب امارت کے سفیر حماد عبید ابراہیم سلیم الزبی نے بھی اسلام آباد میں ملاقات کی۔ملاقات میں تجارت اور کاروباری روابط کو فروغ دینے کے لئے کاروباری اور تاجر برادری کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مشترکہ اعتقاد ، ثقافت اور ورثے کی بنیاد پر قریبی اور برادرانہ تعلقاتِ ہیں۔پاکستان تمام شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید آگے بڑھانے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں برادر ممالک کے مابین معاشی اور تجارتی تعلقات کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے۔شبلی فراز نے کہا کہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے پاکستان میں سرمایہ کاری کے بہت سارے مواقع ہیں۔
متحدہ عرب امارات کے سفیر نے امارات کی ترقی میں پاکستانی برادری کے کردار کو سراہا۔