قومی

  • قومی
  • Sep 21, 2020

مسئلہ کشمیر کا منصفانہ حل ضروری ہے : سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا امن کے عالمی دن کے موقع پرسیمینار سے خطاب

سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ خطے کے امن کیلئے مسئلہ کشمیر کا کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق منصفانہ حل ضروری ہے۔ امن کے عالمی دن کے موقع پر اسلام آباد میں سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے سپیکر اسد قیصر نے کہاکہ عالمی برادری کو کشمیر اور فلسطین کے مسئلوں کے حل پر توجہ دینا ہوگی او ر عالمی برادری سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق کشمیر کا مسئلہ حل کرے۔
تحفظ خوراک و تحقیق کے وزیر سید فخر امام نے کہاکہ پائیدار امن کے لئے ضروری ہے کہ معاشی طور پر خودمختاری حاصل کی جائے ۔ انہو ں نے کہاکہ کشمیر کے بغیر پاکستان مکمل نہیں ہوسکتا۔سید فخر امام نے کہاکہ بھارت نے مقبوضہ وادی میں نسل کشی کا جو سلسلہ شروع کررکھاہے عالمی برادری اس کا نوٹس لے ۔
کشمیر کمیٹی کے چئیرمین شہریار آفریدی نے کہاکہ دنیا کو اب مظلوم کشمیریوں کی آواز سننا ہوگی ۔متحرک سفارتکاری اور متحد ہوکر عالمی فورمز پر مقبوضہ وادی میں بھارت کی جانب سے جاری بربریت کو اجاگر کرناہوگا۔ انہوں نےکہاکہ وزیراعظم عمران خان مسئلہ کشمیر کے حوالے سے دنیا کے ضمیر کو مسلسل جگا رہے ہیں۔
آزاد جموں کشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے کہاکہ بھارت پانچ اگست دو ہزار انیس کے بعد مقبوضہ جموں کشمیر میں بڑے منظم انداز میں آبادی کا تناسب تبدیل کررہاہے ۔ بھارت نےا ب تک مقبوضہ وادی میں سترہ لاکھ سے زائد ہندو آباد کردئیے ہیں ۔ عالمی برادری کو بھارتی مذموم مقاصد کا نوٹس لینا چاہیے ۔
سیمینار میں سینیٹر مشاہد حسین سید ،رکن قومی اسمبلی غزالہ سیفی ، سینئر سفارتکار اشرف جہانگیر قاضی اور دوسرے مقررین نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں مظلوم کشمیریوں کی نسل کشی فوری طور پر روکی جائے ۔ انہوں نے کہاکہ پانچ اگست کا بھارتی اقدام نہ صرف خطے کے امن بلکہ عالمی امن کے لئے بھی خطرہ بن چکا ہے ۔