ٹاپ سٹوری

  • ٹاپ سٹوری
  • Oct 20, 2020

عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی:وزیراعظم

وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہےکہ گندم اور اشیا ئے ضروریہ کی خریداری کو منصوبہ بندی کے تحت یقینی بنایا جائے تاکہ کمی اور مہنگائی کی صورتحال پیدا نہ ہو۔ لاہور میں صوبےمیں بنیادی اشیائےضروریہ کی قیمتوں اور دستیابی کے حوالے سے اعلی سطح اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ عوام کو مہنگائی کی وجہ سے تکلیف مجھے سب سے زیادہ محسوس ہوتی ہے، عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام انتظامی افسران ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف سخت ایکشن لے اور عوام کو اشیا ضروریہ کی وافر مقدار میں فراہمی اور منظور شدہ قیمتوں پر دستیابی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک کو خدا تعالیٰ نے ہر قسم کے وسائل سے نوازا ہے۔ ان وسائل کا فلاح عامہ کے لیے استعمال حکومت کی ذمہ داری ہے۔
اجلاس میں وزیر اعظم کو بنیادی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں اور دستیابی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔اجلاس کو بتایا گیا کہ صوبہ بھر میں سہولت بازار قائم کیے جارہے ہیں جن میں کم قیمت پر اشیا فراہم کی جائیں گی۔ فورکاسٹنگ سیل اشیا کی طلب کو مسلسل مرتب کرتا ہے۔اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کی مانیٹرنگ سیکریٹریز اورضلعی انتظامیہ کرے گی جن کی معاونت ٹائیگر فورس بھی کرے گی۔ چیف سیکریٹری نے یقین دہانی کرائی کہ صوبہ میں گندم اور آٹے کی قلت نہیں ہوگی۔وفاقی وزیر سید فخر امام نے بتایا کہ پنجاب کی آبادی کو ملحوظ خاطر رکھ کر گندم کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ درآمد شدہ گندم میں پنجاب کو اب تک 57,000 ٹن مل چکی ہے۔
وزیراعظم نے زور دیا کہ جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے اور کاشت کاروں کو پیداوار بڑھانے کے لیے سہولیات فراہم کی جائیں۔