قومی

  • قومی
  • Oct 20, 2020

وزیر اعظم سے گلبدین حکمت یار کی ملاقات

وزیر اعظم عمران خان نے افغانستان کے ساتھ قریبی برادرانہ تعلقات کا اعادہ کرتے ہوئے توقع ظاہر کی ہے کہ افغان قیادت جاری افغان امن عمل کی کامیابی کیلئے بھرپور کردار ادا کرے گی۔ وزیر اعظم نے یہ بات افغانستان کی سیاسی جماعت حزب اسلامی کے سربراہ گلبدین حکمت یار سے ملاقات میں کہی جنہوں نے اسلام آباد میں ان سے ملاقات کی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان قریبی برادرانہ تعلقات تاریخی اہمیت کا حامل ہیں، پاکستان خطے میں امن و استحکام کے لیے بھرپور کردار جاری رکھے گا۔۔انہوں نے افغان امن عمل کی کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان کے مسئلے کا کوئی فوجی حل نہیں، افغان حکومت اور عوام پر مشتمل امن عمل سے ہی پیشرفت ممکن ہو سکتی ہے۔وزیراعظم نے اس توقع کا اظہار کیا کہ بین الافغان مذاکرات سے افغان قیادت جامع سیاسی حل نکال لے گی۔
وزیراعظم نے دوطرفہ تجارتی سرگرمیوں اور پاک افغان روابط کو مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پاک افغان عوامی روابط کے فروغ کیلئے اپنی کاوشیں جاری رکھے گا۔
حزب اسلامی کے سربراہ گلبدین حکمت یار نے افغان امن عمل میں پاکستان کی مثبت کردار کو سراہا۔۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا افغانستان کی سماجی اور معاشی ترقی میں تعاون اور چار دہائیوں سے افغان مہاجرین کا بوجھ برداشت کرنا قابل ستائش عمل ہے۔