ٹاپ سٹوری

  • ٹاپ سٹوری
  • Oct 27, 2020

وفاقی کابینہ کی فرانسیسی صدر کی طرف سے مسلمانوں کے جذبات مجروح کرنے کی شدید مذمت

وفاقی کابینہ نے فرانسیسی صدر کی طرف سے مسلمانوں کے جذبات مجروح کرنے کی شدید مذمت کی ہے۔ کابینہ نے گستاخانہ خاکوں اور ان سے مسلمانوں کے جذبات کو پہنچنے والی ٹھیس کا سخت نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ کسی بھی مسلمان کے لئے نبی کریم ﷺ کی شان ِ اقدس میں گستاخی ناقابلِ برداشت اور ناقابلِ قبول ہے۔ کابینہ نے اس امر کا اعادہ کیا کہ گستاخانہ خاکوں کے حوالے سے او آئی سی کے پلیٹ فارم کو استعمال کرتے ہوئے عالمی دنیا تک پاکستانی قوم اور امتِ مسلمہ کے تحفظات پہنچائے جائیں گے۔
وفاقی کابینہ کو وزارت تحفظ خوارک نے گندم کی خریداری اور دستیابی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ کابینہ کو آگاہ کیا گیا کہ31جنوری 2021تک پندرہ لاکھ میٹرک ٹن گندم کی دستیابی یقینی بنائی جائے گی۔
وزارت کامرس نے کابینہ کو گندم درآمد کے شیڈول کے بارے میں آگاہ کیا ۔ وزارت صنعت و پیداوار نے کابینہ کو آگاہ کیا کہ اس وقت دو لاکھ چھیاسٹھ ہزار میٹرک ٹن چینی ملک میں دستیاب ہے۔ کابینہ کو بتایا گیا کہ 30نومبر تک مطلوبہ تین لاکھ میٹرک ٹن چینی دستیاب ہوگی۔
وزیراعظم عمران خان نے ہدایت کی کہ گندم اور چینی کی ضروریات کو بروقت جانچنے کے لیے منظم اور مربوط طریقہ کار وضع کیا جائے جس میں تمام صوبوں کی ضروریات شامل ہوں۔ وزیراعظم نے خصوصی تاکید کی کہ درآمد شدہ گندم کے معیار کو یقینی بنایا جائے۔ وزیراعظم نے وزارت قومی تحفظ خوراک کو کسانوں کے لیے ایک جامع پیکج مرتب کرنے کی ہدایت کی۔
وزارت ریلوے نے کابینہ کو پاکستان ریلوے کی بحالی اور تنظیم نو کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ کابینہ کو بتایا گیا کہ ریلوے کو منافع بخش اور خود مختار ادارہ بنانے کے لیے جامع پلان مرتب کیا گیا ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ اس پلان سے ایم ایل ون منصوبے کو بروقت مکمل کرنے میں مدد ملے گی۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ بحالی اور تنظیم نو کے عمل کو مقررہ وقت پر مکمل کیا جائے۔
کابینہ کو بتایا گیا کہ موجودہ مالی سال میں جولائی تا اگست کرنٹ اکاؤنٹ بیلنس بڑھ کر جی ڈی پی کا 1.2فیصد ہوچکا ہے جو کہ مثبت معاشی پیش رفت ہے۔ گزشتہ سال کی نسبت اسی مدت میں برآمدات میں 27فی صد کا اضافہ ہوا ہے۔ روپے کی قدر مستحکم ہورہی ہے۔ زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوا ہے جوکہ اس حکومت کی بڑی کامیابی ہے۔ لارج سکیل مینوفیکچر نگ کے شعبے میں گذشتہ سال اسی دورانیے کے مقابلے میں 3.7فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
کابینہ نے عید میلاالنبی ﷺ کے مبارک موقع پر قیدیوں کی سزاؤں میں کمی کی منظوری دی۔