قومی

  • قومی
  • Oct 30, 2020

پاکستان کو ریاست مدینہ کے طرز پر فلاحی ریاست بنائیں گے : وزیراعظم عمران خان کا پیغام

عیدمیلادالنبی ﷺکے موقع پر قوم کے نام پیغام میں وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ میں آج معلم انسانیت خاتم النبیین حضرت محمدمصطفے ﷺ کے یوم ولادت کے موقع پر اہلیان وطن کو مبارک باد پیش کرتا ہوں اور اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں دُعا کرتا ہوں کہ یہ ماہ مبارک ہم سب کے لیے باعث رحمت ثابت ہو۔ آپ ﷺ نے آج سے چودہ سو سال پہلے اپنی زندگی کے مختصر عرصہ میں ایک ایسی مثالی فلاحی ریاست قائم کرکے دکھائی جس کی نظیر آج تک نہیں ملتی۔ہماری یہ کوشش ہے کہ ہم ریاست مدینہ کے تصور سے پوری طرح سے رہنمائی حاصل کرکے وطن عزیز کو ایک فلاحی ریاست کے سانچے میں ڈھالیں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ اس حوالے سے مختلف شعبہ جات میں معاشی اور معاشرتی اصلاحاتی ایجنڈا پر عمل جاری ہے۔ یہ ایک مسلسل اور صبر طلب راستہ ہے، مگر ہم نے بحیثیت قوم اس سفر کا آغاز کردیا ہے، اب انشاء اللہ منزل زیادہ دور نہیں اور بہت جلد اس کے مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ہم نے کورونا وائرس کو پہلے مرحلے میں اللہ تعالیٰ کی مدد ونصرت سے زیادہ پھیلاؤ سے روکا، لیکن پچھلے کچھ عرصہ سے اس وائرس کی دوسری لہرسراُٹھارہی ہے۔ انھوں نے قوم سے اپیل کی کہ وہ مسلسل احتیاطی تدابیر پر عمل پیرا رہیں تاکہ پورے ملک وقوم کو وائرس کی تباہ کاریوں اور مضراثرات سے محفوظ رکھا جاسکے۔