بین الاقوامی

  • بین الاقوامی
  • Oct 30, 2020

امریکہ میں صدارتی انتخاب میں صرف چار روز باقی

امریکہ میں صدارتی انتخاب میں صرف چار روز باقی ہیں۔۔انتخاب کی تاریخ نزدیک آتے ہی صدارتی امیدواروں کی جانب سے ووٹرز کو قائل کرنے اور اپنی طرف راغب کرنے کی کوششوں میں تیزی آ گئی ہے۔صدر ٹرمپ اور ان کے مخالف امیدوار جوبائیڈن اس وقت فلوریڈا میں انتخابی مہم میں مصروف ہیں اور یہاں دونوں امیدواروں کے درمیان کانٹے دار مقابلہ متوقع ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے سروے کے مطابق فلوریڈا میں 49 فیصد لوگوں نے جوبائیڈن کو ووٹ دینے کا فیصلہ کیا جبکہ 47فیصد افراد ٹرمپ کے سپورٹرز ہیں۔
صدر ٹرمپ نے فلوریڈا میں اپنے سپورٹرز کی ایک بڑی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ میں اب دوبارہ لاک ڈاؤن نہیں لگایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کے بعد میرے مخالفین اور کچھ نیوز چینلز کورونا وائرس پر توجہ دینا بند کر دیں گے۔
دوسری جانب جوبائیڈن نے اپنے سپورٹرز سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں نہ تو امریکہ کو بند کروں گا اور نہ امریکی معیشت کو۔۔میں صرف کورونا وائرس کو بند کروں گا۔
تین نومبر کو ہونے والا امریکی صدارتی انتخاب کافی دلچسپ ہوگا کیونکہ پانسہ پلٹنے والی ریاستوں میں صدر ٹرمپ اور جوبائیڈن کے درمیان سخت مقابلہ متوقع ہے۔ اب تک ہونے والی ارلی ووٹنگ کے مطابق ان تمام ریاستوں میں جوبائیڈن کو برتری حاصل ہے۔ کیا وہ تین نومبر کو بھی یہ برتری برقرار رکھ پائیں گے ۔ اس کیلئے صرف چار روز انتظار کرنا پڑے گا۔