قومی

  • قومی
  • Oct 30, 2020

وزیر اعظم عمران خان کا پمز ہسپتال اسلام آباد کا غیر علانیہ دورہ

وزیر اعظم عمران خان نے وفاقی دارالحکومت کے سب سے بڑے ہسپتال پمز کا غیر علانیہ دورہ کیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹرشبلی فراز اور معاون خصوصی ڈاکٹر فیصل سلطان وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔وزیر اعظم نے ہسپتال کے نئے ایمرجنسی بلاک کا معائنہ کیا۔معاون خصوصی ڈاکٹر فیصل سلطان نے ہسپتال کے نئے ایمرجنسی بلاک میں مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں بریفنگ دی۔ انھوں نے وزیر اعظم کوبتایا کہ ایمرجنسی مریض کو فوری طور پر ابتدائی طبی امداد کی فراہمی کے بعد اس کی حالت کے مطابق ہسپتال کے متعلقہ حصے میں منتقل کیا جاتا ہے۔ اس طریقہ کار سے ایمرجنسی مریض اور ہسپتال میں پہلے سے موجود مریضوں کوجہاں کورونا سے محفوظ رکھنے میں مدد ملتی ہے وہاں مریض کو مرض کے مطابق متعلقہ شعبے میں منتقلی کا عمل بھی آسان ہوتا ہے۔
وزیر اعظم عمران خان نے پمز ہسپتال کے پرانے ایمرجنسی بلاک کا بھی جائزہ لیا۔انھوں نے نئے ایمرجنسی بلاک اور اس میں فراہم کردہ سہولتوں کو سراہا۔ وزیرِ اعظم عمران خان نے ایمرجنسی وارڈ میں موجود ڈاکٹروں سے بات چیت کی اور ان سے ہسپتال میں فراہم کردہ سہولتوں کے بارے میں استفسار کیا۔