قومی

  • قومی
  • Nov 24, 2020

راولپنڈی:جنرل ہیڈ کوارٹرز میں کور کمانڈرز کانفرنس

جنرل ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس میں پاکستان کو عدم استحکام کا شکار کرنے کی بھارتی کوششوں اور ہندوستان کی ریاستی دہشت گردی کے ناقابل تردید شواہد کا جائزہ لیا گیا ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق عسکری قیادت نے افغان امن عمل میں مثبت پیش رفت ، سرحدوں کی صورتحال ، اندرونی سلامتی ، خطے کی سکیورٹی صورتحال اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے حوالے سے بھی غور کیا ۔ پاک چین اقتصادی راہداری کے خلاف بھارتی سازشوں اور دہشت گردوں کو تربیت اور مالی معاونت کا بھی جائزہ لیا ۔ بھارت بلوچستان ، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کو عدم استحکام کا شکار کرنا چاہتا ہے ۔
عسکری قیادت نے اپنے عزم کو دہراتے ہوئے کہا کہ مادر وطن کو کسی بھی جارحیت سے بچانے اور کنٹرول لائن پربسنے والی آبادی کو بھارت کی دانستہ فائرنگ اور حملوں سے محفوظ رکھنے کیلئے ہر قدم اٹھایا جائے گا ۔ فورم نے کرونا کی دوسری لہر سے پیدا صورتحال پر بھی غور کیا ۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے تمام کمانڈرز کو ہدایت کی کہ کورونا صورتحال سے نمٹنے کے لیے قومی کوششوں میں بھرپور معاونت فراہم کی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج، ریاستی اداروں اور قوم کی حمایت سے اندرونی اور بیرونی تمام چیلنجز سے بطریق احسن نبرد آزما ہو گی ۔ ملک کے استحکام اور خوشحالی کیلئے چیلنجز کو مواقعے میں تبدیل کرنا ہمارا فرض ہے ۔