بین الاقوامی

  • بین الاقوامی
  • Jan 13, 2021

مائیک پومپیو کا الزام جھوٹ پر مبنی ہے:ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف کا ٹویٹ

امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے الزام عائد کیا ہے کہ عالمی دہشت گرد تنظیم القاعدہ نے اپنا نیا گھر ایران میں بنا لیا ہے ۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق واشنگٹن ڈی سی میں ایک تقریر کے دوران مائیک پومپیو نے کہا کہ القاعدہ نے تہران کے اندر اپنی قیادت کو مرکزی شکل دے دی ہے اور اس وقت ایمن الظواہری کے نائبین وہاں موجود ہیں۔ تاہم انہوں نے ایران پر لگائے جانے والے الزام کے حق میں کوئی ثبوت پیش نہیں کیا۔
دوسری جانب ایران نے امریکی وزیر خارجہ کے متنازع بیان کو مسترد کردیا ہے۔ ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے ایک ٹوئٹ میں مائیک پومپیو کے بیان کی مذمت کی اور کہا کہ جنگی جنون جھوٹ پر مبنی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اب کوئی بے وقوف نہیں بنے گا جبکہ تمام القاعدہ کے اراکین مائیک پومپیو کے پسندیدہ ’مشرق وسطی‘ سے آئے تھے اور کوئی بھی ایران سے نہیں تھا۔
خیال رہے کہ امریکا اور ایران کے مابین جوہری معاہدے کے معاملے میں کشیدگی جاری ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے جوہری معاہدے سے دستبرداری اور ایران پر پابندی کے فیصلے کے بعد ایران اور امریکا کے درمیان دہائیوں سے جاری کشیدگی میں شدت آگئی تھی۔