ٹاپ سٹوری

  • ٹاپ سٹوری
  • Jan 22, 2021

راوی اربن منصوبہ لاہور کے عوام کیلئےسماجی اور معاشی لحاظ سے انتہائی اہم ہے،وزیراعظم

وزیرِ اعظم عمران خان کی صدارت میں اہم اجلاس اسلام آباد میں ہوا جس میں راوی اربن ڈویلپمنٹ ، سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ منصوبہ، والٹن ائیر پورٹ کی منتقلی اور پنجاب کے چھوٹے شہروں کے اطراف میں پی ایم کے ویژن کے تحت عوام کو سستی رہائش کی فراہمی کے منصوبے کے حوالے سے پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔
عوام کو سستی رہائش کی فراہمی کے منصوبے کے حوالے سے وزیراعظم نے کہا کہ لاہور کے عوام کے لیے یہ منصوبہ سماجی اور معاشی لحاظ سے انتہائی اہم ہے، منصوبے کی تکمیل سے عرصہ دراز سے غیر استعمال شدہ زمین پر معیاری تعمیرات سے نہ صرف معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہو گا بلکہ روزگار کے مواقع بھی میسر ہوں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ غریب اور کم آمدن طبقے کے لئے اس منصوبے کی افادیت کے پیش نظر اس کا جلد آغاز کرکے ٹائم لائنز متعین کی جائے۔
اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ راوی سٹی کے منصوبے میں کنسلٹنٹس سے مذاکرات اور ڈیزائن کے حوالے سے امور آخری مراحل میں داخل ہو چکے ہیں۔ اجلاس کو ویسٹ واٹر پلانٹ کے حوالے سے پیش رفت پر بریفنگ دی گئی اور آگاہ کیا گیا کہ سرمایہ کاروں کی کانفرنس کے جلد انعقاد کے حوالے سے اقدامات لئے جا رہے ہیں ۔ شرکاء کو منصوبے میں اراضی کے حصول میں ہونے والی پیش رفت پر بھی آگاہ کیا گیا۔
سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ منصوبے اور والٹن ائیر پورٹ کی منتقلی کے حوالے سے شرکاء کو آگاہ کیا گیا کہ اس منصوبے کی کمرشل، ریٹیل اور رہائشی زوننگ بین الاقوامی اعلی معیار کے تحت کی جا رہی ہے۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ تعمیرات کے حوالے سے ایک نئے تصور کے تحت اس منصوبے کو مکمل کیا جائے گا ۔
اجلاس کو صوبہ پنجاب کے چھوٹے شہروں کے اطراف میں وزیراعظم کے ویژن کے تحت کم آمدنی والے طبقے کو کم لاگت کے گھروں کی تعمیر کے مجوزہ منصوبوں کے حوالے سے بریفنگ دی گئی ۔ کم لاگت تین سے پانچھ مرلہ گھروں کے یہ منصوبے ابتدا میں صوبہ کے پچیس سے ستائیس اضلاع کے اطراف میں ہوں گے اور بعد ازاں ان کا دائرہ کار ستاسی مختلف لوکیشنز تک بتدریج بڑھایا جائے گا۔ شرکاء کا بتایا گیا کہ حکومت پنجاب زمین فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ابتدائی مرحلے میں سرمایہ فراہم کرے گی اور اگلے مرحلے میں مارٹگیج فنانسنگ کے تحت سبسڈی فراہم کی جائے گی ۔