قومی

  • قومی
  • Feb 24, 2021

لاپتہ افراد کا معاملہ بہت جلد حل ہو جائے گا:ڈی جی آئی ایس پی آر

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نےکہا ہے کہ لاپتہ افراد کا معاملہ بہت جلد حل ہو جائے گا۔اس معاملے پر قائم کمیشن نے بہت پیش رفت کی ہے۔راولپنڈی میں غیر ملکی میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو میں ترجمان پاک فوج نے کہا کہ لاپتہ افرادکے بارے میں کمیشن کے پاس چھ ہزار سے زائد مقدمات تھے جن میں سے چار ہزار حل کیے جا چکے ہیں۔ڈی جی آئی ایس پی آر نےافغان امن مذاکرات، قبائلی اضلاع کی صورتحال اور مختلف قومی اور علاقائی امور پر بات چیت کی۔ بی بی سی کے مطابق میجر جنرل بابر افتخارنےکہا کہ کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان کے سابق ترجمان احسان اللہ احسان کی دوبارہ گرفتاری کی کوششیں جاری ہیں ۔ ان کے فرار ہونے کے معاملے میں فوجی افسران کے خلاف کارروائی کی جا چکی ہے۔ ایک سوال پرانہوں نےکہا کہ گزشتہ ماہ بلوچستان میں ہزارہ برادری سے تعلق رکھنے والے 11 کان کنوں کے قتل کے معاملے میں چند افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔ ایسے شواہد موجود ہیں کہ بھارت پاکستان مخالف عناصر کو اسلحہ اور رقم کیساتھ نئی ٹیکنالوجی بھی فراہم کر رہا ہے۔ ڈی جی آئی ایس پی آرکا کہنا تھا کہ پاکستان ہر قیمت پر افغانستان میں امن چاہتا ہے ۔