ٹاپ سٹوری

  • ٹاپ سٹوری
  • Feb 23, 2021

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کیلئے مفاہمت کی پانچ یاداشتوں پر دستخط

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کیلئے مفاہمت کی پانچ یاداشتوں پر دستخط ہوئے۔ دونوں ملکوں کے درمیان آزاد تجارت کے معاہدے کے فریم ورک پر اتفاق کیا گیا۔
وزیراعظم عمران خان کولمبو میں اپنے ہم منصب کے آفس ٹیمپل ٹریز پہنچے تو وزیراعظم مہندا راجہ پاکسا نے مرکزی دروازے پر انکا استقبال کیا۔ اس موقع پر دونوں ملکوں کے درمیان مختلف شعبوں میں مفاہمت کی پانچ یاداشتوں پر دستخط کئے گئے۔ وزیراعظم عمران خان اور سری لنکن کے وزیراعظم مہندا راجا پکسا دستخط کی تقریب میں موجود تھے۔ ان معاہدوں کے تحت دونوں ملک سرمایہ کاری، صنعتی ٹیکنالوجی، انڈسٹریل ڈیولپمنٹ اور تعلیم کے شعبے میں تعاون کو فرو غ دیں گے۔ دستخطوں کی تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ سری لنکا کو سی پیک کے ذریعے وسط ایشیاء تک رسائی حاصل کرکے تجارتی روابط اور سرگرمیوں سے استفادہ کرنا چاہیئے۔
انھوں نے کہا کہ اسوقت دونوں ملکوں کو کرونا کا سامنا ہے۔ سری لنکا کے وزیراعظم سے اس بات پر تبادلہ خیال کیا کہ کس طرح کرونا سے متاثرہ غریب ممالک کو قرضوں میں ریلیف دیا جاسکتا ہے۔
سری لنکا کے وزیراعظم مہندا راجہ پاکسا نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے ساتھ ملاقات میں تجارت سمیت متعدد شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
اس سے پہلے دونوں وزرء اعظم کے درمیان ون آن ون اور وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے۔ مذکرات میں تجارت، سرمایہ کاری، صحت ، تعلیم، زراعت اور سائنس و ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون کے فروغ پر بات چیت ہوئی۔ دونوں رہنماؤں نے سیاحت اور ہوابازی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے سے اتفاق کیا۔ سری لنکا کے وزیراعظم مہندا راجہ پاکسا نے وزیراعظم عمران خان کے غربت کے خاتمے کے پروگرام اور معیشت کی بحالی کے اقدامات کو سراہا۔ دونوں رہنماؤں نے دہشتگردی، منشیات کی اسمگلنگ اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں کے خاتمے میں تعاون جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔