قومی

  • قومی
  • Apr 11, 2021

بھارتی فوجیوں نے شوپیاں میں مزید تین کشمیری نوجوان شہید کردئیے : بھارت کے بڑھتے ہوئے مظالم کے خلاف مکمل ہڑتال

غیر قانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی میں آج ضلع شوپیاں میں مزید دوکشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا جس سے گزشتہ روز سے علاقے میں شہید ہونے والے نوجوانوں کی تعداد تین ہوگئی ہے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق فوجیوں نے نوجوانوں کو ضلع کے علاقے ہاتی پورہ میں محاصرے اورتلاشی کی ایک کارروائی کے دوران شہید کیا۔ بھارتی فوجیوں نے گزشتہ شام کوعلاقے کا محاصرہ کرکے ایک نوجوان کو شہید کیاتھا جبکہ آج صبح مزید دو نوجوانوں کو شہید کیاگیا۔
اس سے قبل بھارتی فوجیوں نے جمعرات اور جمعہ کے روز شوپیاں اور پلوامہ اضلاع میں محاصرے اورتلاشی کی کارروائیوں کے دوران سات کشمیری نوجوانوں کو شہید کیا تھا۔اس طرح جمعرات سے شہید ہونے والے نوجوانوں کی کل تعداد 10ہوگئی ہے۔ غیر قانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں جار ی کشمیریوں کی نسل کشی خاص طور پر بھارتی فوجیوں کی طرف سے بے گناہ نوجوانوں کے بے رحمانہ قتل کے بڑھتے ہوئے واقعات کے خلاف آج مکمل ہڑتال کی جارہی ہے۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق ہڑتال کی کال کل جماعتی حریت کانفرنس نے مقبوضہ علاقے میں بڑھتی ہوئی بھارتی ریاستی دہشت گردی کے خلاف احتجاج درج کرانے کے لئے دی ہے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں افسوس کا اظہار کیا کہ بھارت کشمیر کی نوجوان نسل کو ختم کرنا چاہتا ہے اورآئے روز بے گناہ نوجوانوں کا قتل اسی پالیسی کا ایک حصہ ہے۔انہوں نے انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ علاقے میں بھارتی فوجیوں کی طرف سے جاری انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کا نوٹس لیں۔۔