قومی

  • قومی
  • Apr 11, 2021

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا جرمنی کا سرکاری دورہ

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہےکہ جرمنی دنیا کی اہم اقتصادی اور سیاسی قوت ہے اورپاکستان کی جرمنی کے ساتھ وابستگی، تاریخی نوعیت کی ہے وزیر خارجہ جرمنی کے دو روزہ سرکاری دورے پر برلن پہنچنے پرصحافیوں سے باتیں کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ مفکر پاکستان علامہ محمد اقبال نے نہ صرف یہاں اعلیٰ تعلیمی مراحل مکمل کئے بلکہ انہوں نے گوئٹے اور "فریڈرک نیٹشے "جیسے عظیم دانشوروں کی فکر سے بھی استفادہ کیا۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان کی یورپی ممالک کے ساتھ ہونے والی دو طرفہ تجارت کے حجم میں سب سے زیادہ حصہ جرمنی کا ہے۔ ایک لاکھ سے زائد پاکستانی جرمنی میں قیام پذیر ہیں اور یہاں بہت مثبت کردار ادا کر رہے ہیں ۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ ہم معاشی سفارت کاری اور ٹیکنالوجی کے تبادلے کو آگے بڑھانا چاہتے ہیں ۔ہم چاہتے ہیں جرمنی کے ساتھ پارلیمانی سطح پر ہمارے تعلقات میں وسعت آئے اور پہلے سے موجود "فرینڈشپ گروپس" مزید فعال ہوں۔وزیر خارجہ وفد کے ہمراہ برلن پہنچے تو ہوائی اڈے پر جرمنی میں پاکستا ن کے سفیر ڈاکٹر محمد فیصل اور جرمن وزارتِ خارجہ کے اعلیٰ حکام نے ان کا خیر مقدم کیا ۔