بین الاقوامی

  • بین الاقوامی
  • May 03, 2021

بھارت میں کورونا وائرس سے صورتحال انتہائی تشویشناک : مرنے والوں کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 19 ہزار تک پہنچ گئی

بھارت میں کورونا وائرس سے صورتحال انتہائی تشویشناک ہو گئی۔24 گھنٹے کے دوران مزید 3 لاکھ 70 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے چوبیس گھنٹے میں تین ہزار 422 افراد لقمہ اجل بن گئے۔ مرنے والوں کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 19 ہزار تک پہنچ گئی۔ بھارت میں کئی روز سے یومیہ 3 لاکھ سے زیادہ نئے کیس رپورٹ ہو رہے ہیں۔ بھارت میں کورونا کے نئے متاثرین کی شرح 18.24 فیصد تک پہنچ گئی ۔ دارالحکومت دلی میں صورت حال سنگین ہے۔جے پور گولڈن ہسپتال میں صرف چند گھنٹوں کی آکسیجن باقی رہ گئی۔ کئی علاقوں میں لواحقین اپنی مدد آپ کے تحت مریضوں کے لیے آکسیجن اور وینٹی لیٹرز کا انتظام کرنے میں مصروف ہیں۔ کورونا مریضوں کیلئے مختص ہسپتال اور طبی عملہ کم پڑ چکا ہے۔اپوزیشن نے ملک بھر میں مفت ویکسین لگانے کا مطالبہ کیا ہے۔
مریضوں کی تعداد میں دن بدن اضافہ ہونے کی وجہ سے بھارت کے نظام صحت پر دباؤ بڑھ رہا ہے ۔برطانیہ نے ایک ہزار وینٹی لیٹرز بطور امداد بھارت بھیجنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔وزیراعظم بورس جانس نے ٹویٹر پر ایک پیغام میں کہا ہے کہ برطانیہ ضرورت کے وقت ہمیشہ بھارت کے ساتھ ہوگا۔ روس کی جانب سے ڈیڑھ لاکھ ویکسین بھارت پہنچ گئی جبکہ جرمنی سے 120 وینٹی لیٹرز کی امداد بھارت کے لیے روانہ کر دی گئی ہے۔ امریکہ سمیت مختلف ممالک نے بھارت پر سفری پابندیاں عائد کر دی ہیں۔خطرناک صورت حال کے پیش نظر مزید ملکوں نے بھی بھارت پر سفری پابندیاں عائد کر دی ہیں۔