بین الاقوامی

  • May 05, 2021

بھارت میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کا سلسلہ جاری : کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 2 کروڑ 6 لاکھ سے تجاوز کر گئی

بھارت میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کا سلسلہ جاری ہے۔ مزید 3 ہزار 786 افراد لقمہ اجل بن گئےجس سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 26 ہزار سے بھی تجاوز کر گئی۔ ایک روز میں 3 لاکھ 82 ہزار افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی۔ بھارت میں کورونا وائرس کے مریضوں کی کل تعداد 2 کروڑ 6 لاکھ سے تجاوز کر گئی ۔
ہریانہ میں وینٹی لیٹرز کی کمی ہے اور آکسیجن پلانٹ ضرورت کے مطابق گیس کی پیداوار کرنے میں ناکام ہو رہے ہیں۔ ہسپتال حکام کا کہنا ہے اگر وقت پر سپلائی نہ کی گئی تو بہت سے مریض مر سکتے ہیں۔دلی میں آکسیجن کی کمی پوری کرنے کے لیے دوسری ریاستوں سے 120 ٹن کے کنٹینرز کی سپلائی ٹرین کی ذریعے کی گئی۔ ملک میں ویکسی نیشن کا عمل سست روی کا شکار ہونے کی وجہ سے گذشتہ روز صرف ساڑھے 11 لاکھ افراد کوویکسین لگائی گئی۔ ممبئی میں ڈرائیو ان ویکسین کے ذریعے بہت سے افراد کو مہلک وائرس سے بچاؤ کے لیے انجکشن لگائے گئے۔دلی میں بڑی تعداد میں لاشیں آنے کی وجہ سے شمشان گھاٹوں پر بوجھ مزید بڑھنا شروع ہو گیا ۔عالمی ادارہ صحت نے بھارت پر سخت اقدامات اٹھانے پر زور دیا ہےاور کہا ہے کہ بھارت میں کورونا یورپ اور امریکا سے بھی کہیں زیادہ تیزی سے پھیل رہا ہے۔ بھارت میں گنجان آبادی کورونا کے تیز پھیلاؤ کا باعث بن رہی ہے۔