بین الاقوامی

  • May 06, 2021

افغانستان کے کئی علاقوں میں پھر جنگ چھڑ گئی : طالبان نے صوبہ ہلمند کی کئی چیک پوسٹوں پر قبضہ کر لیا

افغانستان سے غیر ملکی فوج کا انخلاء شروع ہو تے ہی ملک کے کئی علاقوں میں جنگ چھڑ گئی ہے۔فرانسیسی خبر ایجنسی کے مطابق جنوبی صوبے ہلمند میں افغان آرمی اور طالبان کے درمیان شدید لڑائی جاری ہے اور فریقین نے ایک دوسرے کے بھاری جانی نقصان کے دعوے کئے ہیں۔ طالبان جنگجوؤں نے لشکر گاہ کے نواح میں کئی چیک پوسٹوں پر قبضے کر لیا ہے اور لڑائی میں بہت سے افغان فوجیوں کے مارے جانے کا دعوی کیا ہے ادھرافغان وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ چھینی گئی پوسٹیں دوبارہ حاصل کر لی ہیں اور لڑائی میں ایک سو سے زائد طالبان مارے گئےہیں۔
ہلمندکے علاقے میں پناہ گزینوں کے امور کے ڈائریکٹر سید محمد رامین کے مطابق لشکر گاہ کے علاقے میں جنگ چھڑجانے کے باعث اب تک ایک ہزار سے زائد کنبے اپنا گھر چھوڑ کر جا چکے ہیں۔
جبکہ امریکی وزارت دفاع کے ترجمان جان کربی نے کہا ہے کہ ”ہم نے کچھ ایسا نہیں دیکھا جس سے فوجیو ں کا انخلاء متاثر ہو یا افغانستان میں ہمارے مشن پر کوئی خاص اثر پڑے۔"