قومی

  • Jun 24, 2021

وزیرخارجہ سے ایرانی نمائندہ خصوصی برائے افغانستان کی ملاقات

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سےایرانی وزیر خارجہ کے نمائندہ خصوصی برائے افغانستان محمد ابراہیم طاہریان فردنے وفد کے ہمراہ وزارت خارجہ میں ملاقات کی ۔ملاقات میں دو طرفہ تعلقات ،افغان امن عمل ،خطے میں امن و امان کی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیاگیا ۔شاہ محمود قریشی نے کہاکہ گذشتہ چند برسوں میں پاکستان اور ایران کے مابین گہرے برادرانہ تعلقات مزید مستحکم ہوئے ہیں ۔ تعلقات کے استحکام میں وزیر خارجہ جواد ظریف کا کردار قابل تحسین ہے ۔انہوں نے کہاکہ پاکستان، خطے میں قیام امن کیلئے افغانستان کے امن کو ناگزیر سمجھتا ہے۔ضرورت اس امر کی ہے کہ افغان قیادت میں، افغانوں کیلئے قابل قبول، جامع مذاکرات کے ذریعے افغان مسئلے کا دیرپا سیاسی حل نکالا جائے۔انہوں نے کہاکہ عالمی برادری کی حمایت کو غنیمت جانتے ہوئے، افغان دھڑوں کو مل بیٹھ کر، مذاکرات کے ذریعے، افغان امن عمل کو نتیجہ خیز بنانے کیلئے فوری اقدامات کرنا ہوں گے۔وزیر خارجہ نے پاکستانی قیادت کی جانب سے ایران کے نومنتخب صدر سید ابراہیم رئیسی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔