قومی

  • Jul 21, 2021

آرمی چیف نے ضلع کرم میں جوانوں کے ساتھ عیدمنائی

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ضلع کرم میں پاک افغان سرحد پر تعینات جوانوں کے ساتھ عیدمنائی۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے فوجی جوانوں سے بات چیت کی اور انہیں عید کی مبارکباد دی۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے مادر وطن کے دفاع کے لئے جوانوں کے بلندعزم و حوصلے کو سراہا۔آرمی چیف نے آپریشنل تیاریوں اور سرحد کی سکیورٹی کے مؤثراقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاک افغان سرحد پر تیزی سے باڑ لگانے کی تعریف کی اور ابھرتے چیلنجز کے پیش نظر سرحدوں کی سکیورٹی یقینی بنانے کے پاک فوج کے عزم کا اعادہ کیا۔انہوں نے کہا کہ ہم تمام خطرات کے خلاف اور ہر قیمت پر پاکستان کا دفاع کرنے کے لئے ہمہ وقت تیار ہیں۔آرمی چیف نے علاقے کی سماجی و معاشی ترقی کے لئے جاری منصوبوں پر عملدرآمد میں سول انتظامیہ کو مستقل تعاون فراہم کرنے کو بھی سراہا۔ ان منصوبوں میں مواصلاتی انفراسٹرکچر ، اسکول اور ہسپتالوں کا قیام اور مقامی آبادی کی بحالی کے لئے دیگر کوششیں شامل ہیں۔ اس سے قبل کرم پہنچنے پر کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل نعمان محمود نے آرمی چیف کااستقبال کیا ۔