ٹاپ سٹوری

  • Jul 30, 2021

حکومت برآمدات بڑھانے کیلئے صنعتوں کو سہولیات فراہم کر رہی ہے،وزیراعظم

پاکستان کے تمام بڑے چیمبرز آف کامرس نے حکومت کی کاروبار دوست پالیسیوں اورایز آف ڈوئنگ بزنس کیلئے اٹھائے گئے اقدامات پر مکمل اعتماد کا اظہار اور حکومت و کاروباری برادری کا مشاورت سے ٹیکس ریونیو بڑھانے کی حکمتِ عملی مرتب کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ان اقدامات پر اتفاق وزیرِ اعظم عمران خان سے ملک کے بڑے چیمبرز آف کامرس کے صدور کی اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات کے دوران کیا گیا۔
وزیرِ اعظم نے ملکی معیشت کی مضبوطی کیلئے صنعتی ترقی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ حکومت برآمدات بڑھانے کیلئے صنعتوں کو سہولیات فراہم کر رہی ہے اور جس سے نہ صرف تجارتی خسارہ کم ہوگا، زرِ مبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوگا، بلکہ ملک میں روزگار کے مواقع پیدا ہونگے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹیکس کے نظام کی بہتری کیلئے اصلاحات جاری ہیں، تمام سٹیک ہولڈرز سے مشاورت سے اس عمل میں تیزی اور بہتری آئے گی۔ وزیرِ اعظم نے وفاقی وزراء کو اسٹیک ہولڈرز سے مسلسل رابطے میں رہنے اور ان کی تجاویز و مسائل سننے کیلئے باقاعدگی سے ملاقاتوں کی ہدایت بھی کی۔ وزیرِ اعظم نے مزید کہا کہ سیاحت کی صنعت کی ترقی کیلئے لائحہ عمل، زراعت کی ترقی کیلئے جامع ایگریکلچرل پلان اور صنعتوں کو مراعات و سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔موجودہ حکومت صنعت کاروں اور کاروباری برادری کو سہولیات فراہم کرنے کے بعد اپنی توجہ اب مشاورت سے مسائل کے حل کیلئے کوششوں پر مرکوز کر رہی ہے۔
اجلاس میں شرکاء نے وزیرِ اعظم اور انکی معاشی ٹیم کی کرونا وباء کے باوجودملک میں کامیاب معاشی پالیسیوں کی بدولت تقریباً 4 فی صد جی ڈی پی گروتھ، بڑے پیمانے کی پیداوار میں 15 فی صد تک کے اضافے، بر آمدی صنعت کیلئے سہولیات اور رکاوٹوں کے تدارک، سٹیٹ بینک کے درمیانے اور چھوٹے پیمانے کی صنعت کیلئے مراعات کو سراہا۔انہوں نے کاروباری برادری کو ازبکستان کی تجارتی استعداد سے مستفید ہونے کیلئے ان کو ہمراہ رکھنے پر بھی خراج تحسین اور ریونیو اور برآمدات و بیرونِ ملک سے ترسیلاتِ زر میں اضافے پر وزیرِ اعظم کو مبارکباد پیش کی۔
شرکاء نے حکومت کو پہلی دفعہ کاروباری برادری کے مسائل کے حل کیلئے ان کی تجاویز براہِ راست سننے کے اس اقدام کو بھی سراہا اور ماضی میں اس طرح کے کسی اقدام کےموجود نہ ہونے کی وجہ سے حکومت اور کاروباری برادری کے مابین حائل خلیج سے ملک میں کاروبار میں رکاوٹوں کا بھی ذکر کیا۔شرکاء نے اجلاس میں اس بات کا بھی اظہار کیا کہ کاروباری برادری ٹیکس دینے کیلئے تیار ہے اور ٹیکس نظام میں اصلاحات کیلئے حکومت کے ساتھ مل کر کام کرے گی۔ ملاقات کا مقصد وزارتِ کامرس کی طرف سے شروع کیے گئے حکومت اور کاروباری برادری کے مابین تجاویز کے تبادلے اور حکومتی پالیسیوں پر آگاہی بڑھانے کے سلسلے کو آگے بڑھانا ہے۔