قومی

  • Sep 15, 2021

وزیراعظم کل سے تاجکستان کا دورہ کریں گے

وزیراعظم عمران خان کل سے تاجکستان کا دو روزہ دورہ کررہے ہیں۔وہ دو شنبے میں شنگھائی تعاون تنظیم کونسل کے بیسویں سربراہان مملکت اجلاس میں شرکت کرینگے۔ وزیراعظم عمران خان کا وسط ایشیا کا یہ تیسرا دورہ ہے جو پاکستان کے خطے کے ملکوں کے ساتھ بڑھتے ہوئے رابطوں کی عکاسی کرتا ہے۔ وزیراعظم عمران خان تاجکستان کے صدر امام علی رحمانوف سے ملاقات میں دو طرفہ تعاون، تجارتی و اقتصادی تعلقات اور سرمایہ کاری سمیت علاقائی رابطوں کے فروغ پر بات چیت کریں گے۔وزیراعظم عمران خان اجلاس میں شریک سربراہوں سے بھی ملاقاتیں کرینگے۔ وزیراعظم اس موقع پرپاکستان۔تاجکستان بزنس فورم کے پہلے اجلاس کا افتتاح کریں گے۔ پاکستانی تاجروں کا ایک وفد بھی بزنس فورم میں شرکت کرے گا۔ اس موقع پر پاکستان ۔تاجکستان مشترکہ بزنس کونسل کااجلاس بھی ہو گا ۔ دفتر خارجہ کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کا دورہ وسط ایشیا کے ساتھ پاکستان کے روابط بڑھانے کی 'وژن سینٹرل ایشیا' پالیسی کا حصہ ہے جس میں سیاسی تعلقات ، تجارت اور سرمایہ کاری ، توانائی ، سیکورٹی اور دفاع کے پانچ اہم شعبوں پر توجہ دی جارہی ہے۔