ٹاپ سٹوری

  • Jun 23, 2022

عوام کی ترقی و خوشحالی کے لیے کام کریں گے: وزیراعظم محمد شہبازشریف

وزیراعظم محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ ذاتی پسند و ناپسند سے بالاتر ہو کر عوام کی ترقی و خوشحالی کے لیے کام کرنا ہے۔مشکلات ضرور ہیں لیکن یکسوئی اور محنت کے ساتھ ان پر قابو پائیں گے۔ ماضی کی حکومت کی غلط پالیسیوں ،دوست ملکوں سے تعلقات میں کھچاو اور عالمی معاہدوں سے روگردانی کا خمیازہ آج قوم بھگت رہی ہے۔ ہم قوم کو دھوکے میں نہیں رکھیں گے۔ معاشی خودکفالت کے لیے تن ،من ،دھن لگا دیں گے۔۔ اسلام آباد میں مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر ز سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم محمد شہبازشریف نے کہا کہ اتحادی حکومت اپنی آئینی مدت مکمل کرے گی۔۔ ہم مسلسل محنت اور ایمانداری کے ساتھ پاکستان کو اس کا کھویا ہوا مقام دلانے کے لیے مل کر کام کریں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ماضی کی حکومت نے آئی ایم ایف کے ساتھ جو شرائط طے کیں اس کی دھجیاں بکھیریں ۔ ساڑھے تین سال تک عوام کی تکالیف کا کوئی مداوا نہیں کیا ۔۔جب اپنی حکومت کو جاتا دیکھا تو تیل کی قیمت کم کرکے آنے والی حکومت کے لیے بارودی سرنگ بچھا دی۔۔اس کے لیے نہ کابینہ سے منظوری لی گئی اور نہ ہی فنڈز مختص کیے گئے۔

وزیراعظم نے کہا کہ یہ ہمارا سیاسی،دینی و ملی فرض ہے کہ عام آدمی کو تحفظ دیں۔۔ ملک کے کمزور طبقے کو ہر ماہ2 ہزار روپے کا ریلیف دیا گیا ہے۔۔پہلی مرتبہ صاحب ثروت لوگوں کی نیٹ انکم پر ٹیکس لگایا جا رہا ہے۔ آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے سے مالیاتی ادارے پاکستان کا رخ کریں گے۔۔۔ ملکوں کے ساتھ تجارتی روابط کو بھی فروغ ملے گا۔

وزیراعظم نے کہا پی ٹی آئی کی حکومت نے مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی مفت ادویات اور علاج کی پالیسی کو ختم کیا۔ نوجوانو ں کے لیے لیپ ٹاپ سکیم پر سیاست کی۔۔ لوگوں کو لاکھوں گھروں،کروڑوں نوکریوں کا جھانسہ دیا۔۔ لیکن عام آدمی کو ایک دھیلے کا بھی ریلیف نہیں دیا۔۔انہوں نے کہا کہ کیا یہ ہے ”نیا پاکستان“ جس نے ہمارے ملک میں احترام اور بردباری کی روایت کو ختم کیا،معاشرتی اور سماجی بربادی۔ ۔ ہم ایک نئی سوچ او ر وژن کے ساتھ آگے بڑھیں گے تو کامیابی ملے گی۔

وزیراعظم نے کہا پی ٹی آ ئی کی حکومت نے قوم کا وقت برباد کیا۔ دوست ملکوں کے ساتھ تعلقا ت خراب ہوئے۔ آج چین نے پاکستان کو2.3 ارب ڈالر فراہم کرنے کا معاہدہ کیا ہے۔ ہم ناصرف اپنے خارجہ تعلقات میں بہتری لائیں گے بلکہ اپنے وسائل کو بروئے کار لا کر پاکستان کو ترقی و خوشحالی کی منزل پر لے جائیں گے۔