قومی

  • Aug 05, 2022

پاکستانی عوام اور قیادت کا کشمیری عوام کی بے مثال جدوجہدپر خراج تحسین

پاکستانی عوام اور قیادت نے کشمیری عوام کی بے مثال جدوجہدپر خراج تحسین کرتے ہوئے مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔وزیر اعظم شہباز شریف اور صدر ڈاکٹر عارف علوی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حق خود ارادیت کے حصول کیلئےہر ممکن حمایت جاری رکھی جائے گی۔
وزیر اعظم نے اپنے پیغام میں کہا کہ خطے میں پائیدار امن اور استحکام کے لیے مسئلہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے ۔پانچ اگست 2019 کےغیر قانونی اقدامات بین الاقوامی قانون کی صریحاً خلاف ورزی ہیں ۔تحریک آزادی کے شہدا کو سلام پیش کرتے ہیں

صدرڈاکٹر عارف علوی نے اپنے پیغام میں کہا کہ غیر قانونی مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی افواج کی بربریت کشمیریوں کے جذبہ حریت کو نہیں دبا سکی۔ عالمی برادری سے مطالبہ کرتے ہیں کہ بھارت کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پرجوابدہ بنائے ۔انہوں نے کہا کہ اس دیرینہ تنازعے کے پرامن حل کے لئے سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل کرتے ہوئے اقدامات ضروری ہیں۔ صدر مملکت نے کہاکہ ہر طرح کے بھارتی حربے اور انتہائی مظالم کے سامنے کشمیریوں کی تین نسلوں نے بے شمار قربانیاں دی ہیں ۔ جعلی مقابلے، تلاشی آپریشن،جبری گمشدگیاں،حراستی تشدد اور اموات کے باوجودکشمیری عوام کے جذبہ حریت کو دبا نہیں سکا۔

افواج پاکستان نے بھی کشمیری عوام کیساتھ مکمل یک جہتی کا اظہار کیا ہے۔ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہےکہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کی حق خودارادیت کیلئے جدوجہد کی حمایت کرتے ہیں۔ کشمیریوں کے خلاف 1095 دن کا بدترین محاصرہ اور وحشیانہ مظالم کا خاتمہ ہونا چاہیے۔ پاک فوج کی جانب سے شہدائے کشمیر کی عظیم قربانیوں پر خراج عقیدت بھی پیش کیا گیا۔