وزیر خارجہ بلا ول بھٹو کی کمبوڈیا کے وزیراعظم سے ملاقات
وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کمبوڈیا کے وزیراعظم ہون سین سے ملاقات کی۔وزیر خارجہ نے کمبوڈیا کے وزیراعظم کو آسیان ریجنل فورم کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد دی اور دونوں ملکوں کے مابین دوطرفہ تعاون بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔ملاقات کے دوران کمبوڈیا کے وزیراعظم نے پاکستان کے لیے مثبت جذبات اور مضبوط دوطرفہ تعلقات کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔ انہوں نے دوطرفہ روابط ، ثقافتی اور عوام کے درمیان رابطوں کو فروغ دینے پر بھی اتفاق کیا۔
وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کمبوڈین ہم منصب پراک سوکھون سے بھی ملاقات کی اور علاقائی سلامتی کے لیے آسیان علاقائی فورم کی اہمیت کو اجاگر کیا، ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ بلاول نے آسیان علاقائی فورم کے ساتھ پاکستان کی مسلسل وابستگی کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان، آسیان کے ساتھ اپنے روابط اور امور میں وسعت لانے کا شدت سے خواہشمند ہے۔