قومی

  • Aug 17, 2022

شہباز گل کو اسلام آباد پولیس کے حوالے نہ کرنے کا اقدام توہین عدالت ہے : وزیراطلاعات

وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے شہباز گل کو اسلام آباد پولیس کے حوالے نہ کرنے کے اقدام کو توہین عدالت قرار دیا ہے۔ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ عدالت کے واضح حکم کی عمران خان اور پنجاب حکومت نے توہین کی ہے۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمران خان کا فسطائی دماغی رویہ کسی قانون، ادارے کو نہیں مانتا۔اس شخص نے اداروں کے اندر بغاوت کی کال دی ہے۔ مریم اورنگ زیب نے کہا کہ شہباز گل طبی طور پر بالکل صحیح ہے ۔پنجاب کے وزیر قانون گزشتہ روز شہباز گل سے مل کر آئے تو انہوں نے میڈیا کے بتایاکہ شہباز گل بالکل ٹھیک اور فٹ ہیں۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمران خان آٹھ سال تک فارن فنڈنگ کیس میں الیکشن کمیشن سے بھاگتا رہا ۔عمران خان اور پی ٹی آئی نے عدالتوں میں اپنے خلاف تمام مقدمات میں قانون کی خلاف ورزی کی۔ سیاسی مخالفین کو جعلی مقدمات میں جیلوں میں ڈالنے والے عمران خان اپنی باری آنے پر قانون کے باغی بن گئے ہیں۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ شہباز گل کیس میں تحقیقات جاری ہیں تو عمران خان نے پنجاب حکومت کے آئی جی کو استعمال کیا۔اختیارات کا ناجائز استعمال کرنے والے ان لوگوں کو توہین عدالت کی پرواہ ہے نہ ہی قواعد و ضوابط کی۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ شہباز گل اڈیالہ جیل میں وفاقی پولیس کے قیدی ہیں۔ کوئی قانون اجازت نہیں دیتا کہ پنجاب حکومت خط لکھ کر روبکار جاری کروائے ۔مریم اورنگ زیب نے کہا کہ سی ایم پنجاب ہاؤس میں قانون کی دھجیاں اڑائی جا رہی ہیں۔ روبکار سے متعلق عدالتی فیصلے پر پوری طرح عمل کیا جائے گا ۔