کرکٹ

  • سپورٹس ڈیسک
  • Sep 23, 2022

پاکستان کرکٹ ٹیم ٹی 20 انٹرنیشنلزمیں 200 رنز کاہدف عبور کرنے والی پہلی ٹیم بن گئی: بابراعظم سب سے زیادہ ٹی 20میچز جیتنے والے پاکستانی کپتان بن گئے

انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان کرکٹ ٹیم نے منفرد اعزاز اپنے نام کر لیا۔
پاکستان کرکٹ ٹیم ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں بغیر نقصان کے 200 رنز کا ہدف عبور کرنے والی پہلی ٹیم بن گئی۔اس سے قبل نیوزی لینڈ نے بغیر کسی نقصان کے سب سے بڑا ہدف 169 عبور کیا تھا، نیوزی لینڈ نے 2016 میں پاکستان کے خلاف ہی یہ ہدف عبور کیا تھا۔قومی ٹیم 150 یا اس سے زائد ہدف بغیروکٹ گنوائے دو بار حاصل کرنیوالی واحد ٹیم ہے، پاکستان نے گزشتہ برس انڈیا کے خلاف بغیر وکٹ گنوائے 152 کا ہدف عبور کیا تھا۔
انگلینڈ کیخلاف شاندار کامیابی کے بعد کپتان بابر اعظم نے سابق کپتان سرفراز احمد سے اہم اعزاز چھین لیا۔بابر اعظم سب سے زیادہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز میچز جیتنے والے پاکستانی کپتان بن گئے۔انہوں نے بحیثیت کپتان 49 میچز کھیلے جن میں سے 30 میچز جیتے۔سابق کپتان سرفراز احمد نے بحیثیت کپتان 37 میچز کھیلے جن میں انہیں 29 میچز میں کامیابی ملی۔
بابر اعظم پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ انٹرنیشنل سنچریاں بنانے والے کپتان بھی بن گئے۔بابر اعظم کی بحیثیت کپتان تینوں فارمیٹ کی سنچریوں کی تعداد 10 ہے جبکہ انضمام الحق 9 سنچریوں کے ساتھ فہرست میں دوسرے نمبر پر ہیں۔