قومی

  • Sep 23, 2022

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا ضلع بدین کے سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سیلاب سے شدید متاثرہ سندھ کے ضلع بدین اور ملحقہ علاقوں کا دورہ کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل قمر جاوید باجوہ نے ریلیف اور میڈیکل کیمپس میں سیلاب متاثرین کے ساتھ وقت بھی گزارا۔ انہوں نے بدین کے علاقے ملکانی شریف میں ریسکیو اور امدادی سرگرمیوں میں مصروف فوجی جوانوں سے ملاقات بھی کی۔ اس کے بعد انہوں نے بدین اور ملحقہ علاقوں کا فضائی جائزہ بھی لیا۔
کراچی میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے تاجر برادری سے ملاقات بھی کی۔ ان کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ تاجر برادری نے مختلف قدرتی آفات میں ہمیشہ متاثرہ بھائیوں کی مدد کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ سیلاب میں بھی تاجر برادری بھرپور معاونت کر رہی ہے۔ تاجر برادری کے رہنماؤں نے ملک کو معاشی خوشحالی دینے کے لئے محفوظ ماحول فراہم کرنے پر پاک فوج کے کردار اور قربانیوں کو سراہا۔ انہوں نے آرمی چیف کو یہ یقین دھانی کرائی کہ سیلاب متاثرین کی زیادہ سے زیادہ معاونت کی جائے گی۔